چار آسان عادات اپنائیں، موٹاپے سے نجات پائیں

Sep 02, 2022 | 13:27:PM
چار آسان عادات، موٹاپے سے نجات
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) موٹاپا درجنوں امراض کی وجہ بن سکتا ہے لیکن کچھ غذائی تدابیر، ورزش اور احتیاط سے ہم اس مرض سے دور رہ سکتے ہیں۔ اس ضمن میں ڈبلیو ایچ او نے بعض انتہائی بنیادی ہدایات دی ہیں جن پر عمل کرکے ہم موٹاپے کے ساتھ ساتھ کئی امراض سے بچ سکتے ہیں۔

جیسے چینی کا استعمال ہماری زندگیوں میں انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے اور اس سے شوگر جیسے عارضے میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ چینی کم کرنے سے بہت سے فوائد فوری حاصل ہوتے اور موٹاپے میں کمی واقع ہوتی ہے۔ میٹھے کی اندھا دھند عادت ذیابیطس کی وجہ بنتی ہے جو خود بلڈ پریشر، امراضِ قلب اور کولیسٹرول بڑھانے میں بالواسطہ یا بلاواسطہ کردار ادا کرتی ہے۔

دوسری اہم شے نمک کا کم سے کم استعمال ہے۔ آج کے تیزرفتار دور میں فاسٹ فوڈ، چپس اور پیزا وغیرہ میں نمک کی غیرمعمولی بھرمار ہوتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایک بالغ کو روزانہ پانچ گرام سے اوپر نمک کسی طور پر نہیں کھانا چاہیے۔ نمک ہمیں موٹاپے کی جانب دھکیلتا ہےاور اس سے بھی پہلے ہمیں بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: انسولین انجیکشن سے چھٹکارہ پائیں

اس کے بعد روغنی کھانے اور چکنائی بھری اشیاء ہماری صحت کو بری طرح متاثر کررہی ہیں۔ ایک جانب تو یہ کولیسٹرول بڑھارہی ہیں تو دوسری جانب بلڈ پریشر سمیت کئی عارضوں کو بڑھا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چکنائی بھری اشیا سے مکمل پرہیز ضروری ہے۔ چکنائی دھیرے دھیرے ہمارے جسم میں چربی کی صورت میں جمع ہوتی ہیں اور ہمارا وزن بڑھاتی رہتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ متوازن غذاؤں پر بہت بحث ہوتی رہتی ہے لیکن ان کا ماننا ہے کہ تمام ضروری اجزاء اور وٹامن، پروٹین اور دیگر اجزاء پر مشتمل غذا ہی ایک متوازن خوراک بناتی ہے۔ اس میں پھل، سبزیاں، گوشت، انڈے، دالیں اور دیگر اجناس شامل ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ متوازن غذا جسم کے افعال کو بھی معتدل رکھتی ہیں اور یوں موٹاپا دور رہتا ہے۔

اور سب سے آخر پر کھانے کے بعد پینے کا ذکر بہت ضروری ہے۔ اس حوالے سے مشروبات، سافٹ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس سے مکمل اجتناب ایک اچھی عادت ہے۔ بعض تحقیقات سےثابت ہوا ہے کہ کولا اور دیگر مشروبات موٹاپے کی اہم وجہ ہیں۔