پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(قیصر کھوکھر)محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 یوم کی توسیع کر دی ہے،محکمہ داخلہ نے 8 نومبر تک دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
توسیع کے باعث ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں، اجتماع پر پابندی برقرار رہے گی۔
دفعہ 144 کے تحت 4یا زائد افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت لاؤڈ سپیکر سمیت اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر پابندی ہے۔
محکمہ داخلہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ توسیع کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے کیا گیاہے۔
دہشت گردی،امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر احکامات جاری کئے گئے ہیں،پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازہ اور تدفین پر نہیں ہوگا۔
دوسری طرف فرائض کی انجام دہی پر مامورافسران و اہلکار ،عدالتیں پابندی سے مستثنیٰ ہونگی۔
لاؤڈ سپیکر صرف اذان ،جمعہ کے خطبہ کیلئے استعمال کئےجا سکتے ہیں ،عوامی جلوس و دھرنا دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔
عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔