تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن دوبارہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)نجی سکولوں کو گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کا دوبارہ حکم دیدیا گیا اور خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا انتباہ کیا گیا ہے۔
وزارتِ وفاقی تعلیم نے اسلام آباد کی حدود میں قائم تمام نجی تعلیمی اداروں کیلئے سال 2026ء کی گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لیے دوبارہ باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
یہ قدم وفاقی دارالحکومت میں بعض نجی سکولوں کی جانب سے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے،وزارتِ تعلیم کے ماتحت کام کرنے والے ادارے ‘پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی’ کی جانب سے جاری کردہ نئے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں تمام نجی تعلیمی ادارے 25 مئی سے 31 جولائی 2026ء تک گرمیوں کی چھٹیوں کے پہلے سے طے شدہ شیڈول پر سختی سے عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام نجی سکولوں کے مالکان اور پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 21 مئی کو جاری ہونے والے سرکاری شیڈول کی روح کے مطابق اور بغیر کسی استثنیٰ کے تعمیل کو یقینی بنائیں۔
پیرا نے خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی بھی نجی تعلیمی ادارے نے ان احکامات کو ہوا میں اڑانے کی کوشش کی، تو ان کے خلاف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے ‘پیرا ایکٹ 2013ء’ کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل حکومتِ پنجاب کی جانب سے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست 2026ء تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا ہے، جہاں 24 اگست سے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوگا تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے 31 جولائی تک ہی چھٹیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔