عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں بھی سونا سستا ہونے کا امکان

مارچ 2026 سونے کیلئے 2008 کے بعد سب سے خراب مہینہ رہا، جس دوران اس کی قیمت میں مجموعی طور پر 11 فیصد کمی واقع ہوئی تھی،پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں کمی متوقع ہے، گزشتہ روز عالمی منڈی میں اضافے کے باعث سونا تقریباً 4 لاکھ 94 ہزار روپے فی تولہ کی سطح پر پہنچ گیا تھا

Apr 02, 2026 | 09:25:AM
عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں بھی سونا سستا ہونے کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)گزشتہ چار روز سے مسلسل بڑھتی ہوئی عالمی منڈی میں سونے کی قیمت جمعرات کے روز اچانک گر گئی، اور ایک فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی، اس کے اثرات پاکستان کے صرافہ بازاروں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اس اچانک کمی کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ بیان ہے جس میں انہوں نے ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنے اور آئندہ دو سے تین ہفتوں میں مزید شدید حملوں کا عندیہ دیا ، صدر کے اس سخت موقف کے باعث عالمی سرمایہ کاروں میں غیر یقینی پیدا ہوئی، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت تقریباً 1.3 فیصد کم ہو کر 4694 ڈالر فی اونس ہو گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے بیان نے مارکیٹ میں یہ امید ختم کر دی کہ ممکنہ طور پر جنگ جلد ختم ہو جائے گی، اس کے علاوہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں چار فیصد سے زائد اضافہ اور امریکی ڈالر کی مضبوطی نے سونے پر مزید دباؤ ڈال دیا۔

یاد رہے کہ مارچ 2026 سونے کے لیے 2008 کے بعد سب سے خراب مہینہ رہا، جس دوران اس کی قیمت میں مجموعی طور پر 11 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ہوشیار!پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان

پاکستان میں بھی سونے کی قیمت میں کمی متوقع ہے، گزشتہ روز عالمی منڈی میں اضافے کے باعث سونا تقریباً 4 لاکھ 94 ہزار روپے فی تولہ کی سطح پر پہنچ گیا تھا، لیکن اب عالمی سطح پر 150 ڈالر سے زائد کمی اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی مضبوطی کے پیش نظر آج سونے کی قیمت میں تقریباً 5 ہزار سے 7 ہزار روپے کی کمی ہو سکتی ہے، اس طرح مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمت 4 لاکھ 87 ہزار سے 4 لاکھ 89 ہزار روپے فی تولہ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔