اسرائیلی فوج نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا, برطانوی میڈیا کا دعویٰ

Oct 01, 2025 | 23:38:PM
اسرائیلی فوج نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا, برطانوی میڈیا کا دعویٰ
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ کردیا، گلوبل صمود فلوٹیلا امدادی سامان لے کر غزہ کی طرف گامزن ہے۔

کچھ دیر قبل منتظمین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج ایک گھنٹے میں حملہ کر سکتی ہے، فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا،  نامعلوم کشتیاں ہمارے قافلے سے 3 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ہیں۔

امدادی سامان اور ادویات لے کر غزہ جانے والا گلوبل صمود فلوٹیلا نامی بحری بیڑہ ہائی رسک زون میں داخل ہوگیا تھا، رپورٹس کے مطابق صمود فلوٹیلا کی متعدد کشتیوں کے لائیو فیڈ اچانک بند ہوگئے ہیں، جبکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اسرائیلی بحریہ کی کارروائی کے نتیجے میں ہوا ہے۔

اس سے قبل اطلاع ملی تھی کہ اسرائیلی جہاز فلوٹیلا کی کشتی "Alma" کو دونوں جانب سے گھیر چکے ہیں اور مداخلت قریب ہے،کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی لمحے اسرائیلی فورسز کے سوار ہونے کے لیے تیار ہیں۔

غزہ امداد لے جانے والا 40 سے زائد کشتیوں کا گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے نزدیک ہائی رسک زون میں داخل ہوگیا، اسرائیلی حملے کے خدشے پر فلوٹیلا نے لائیو ویڈیو فیڈ بھی فعال کر دی۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے فلوٹیلا کو سفر روکنے کی وارننگ  دے دی،  جس کے بعد اسرائیلی جنگی جہازوں نے فلوٹیلا کی دو کشتیوں کا گھیراؤ کرلیا اور  مواصلاتی آلات جام کر دیے، پھر بھی فلوٹیلا نے سفر جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

 اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کا بعض کشتیوں کو سمندر میں ڈبونے کا بھی منصوبہ ہے، اسپین، اٹلی اور یونان نے اسرائیل کو فلوٹیلا پر موجود افراد کو نقصان پہنچانے سے باز رہنے کا مطالبہ کردیا۔

انسانی ہمدردی پر مبنی گلوبل صمود فلوٹیلا نے اعلان کیا ہے کہ اس کا بیڑہ غزہ سے 150 سمندری میل (278 کلومیٹر) کی دوری پر ’’ہائی رسک زون‘‘ میں داخل ہو گیا ہے، یہی وہ علاقہ ہے جہاں ماضی میں اسرائیلی افواج نے فلوٹیلا پر حملے کیے یا انہیں زبردستی روکا تھا۔