سابق وزیراعلیٰ اور  پیپلز پارٹی کے رہنما آفتاب شعبان میرانی انتقال کر گئے

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار 

Nov 01, 2025 | 18:47:PM
سابق وزیراعلیٰ اور  پیپلز پارٹی کے رہنما آفتاب شعبان میرانی انتقال کر گئے
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)سابق وزیر اعلیٰ ،سابق وزیر دفاع  اور  پیپلز پارٹی کے رہنما آفتاب شعبان میرانی انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق معروف سیاستدان آفتاب شعبان میرانی  چند روز سے کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے،آفتاب شعبان میرانی شکارپور،سندھ میں پیدا ہوئے۔ وہ 25 فروری 1990سے 6 اگست 1990ء تک صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزیر برائے دفاع بھی رہے تھے۔ انکا تعلق سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے۔

مرحوم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ آفتاب شعباب میرانی کی نماز جنازہ آج رات دس بجے ادا کی جائیگی ، نماز جنازہ مسجد بیت الاسلام ڈیفنس فیز فور میں ہوگی،آفتاب شعبان میرانی کی تدفین گذری قبرستان میں کی جائیگی ۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیرِاعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آفتاب شعبان میرانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی رفقا میں شامل تھے:آفتاب شعبان میرانی ایک سینئر پارلیمنٹیرین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مخلص و وفادار رہنما تھے۔صدر مملکت نے مرحوم کی جمہوریت، وفاقِ پاکستان اور عوامی خدمت کے لیے گرانقدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صدر مملکت نے مرحوم کے اہلِ خانہ، دوستوں اور پارٹی کارکنان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےسابق وزیراعلیٰ آفتاب شعبان میرانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرانی صاحب شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی تھے ، میرانی صاحب پیپلزپارٹی کا اثاثہ تھے، انہیں شہید بھٹو، محترمہ بینظیر، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل تھا، میرانی صاحب ایک شریف النفس اور باوقار انسان تھے،اللہ پاک انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔وزیراعلیٰٰ سندھ نے اپنے پیغام میں مرحوم کے اہلخانہ اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:16 سالہ لڑکی سیاحتی مقام پر لگے گول جھولے سے گر کر جاں بحق