عمرہ ادا کرنےوالے زائرین کی تعدادکا نیا ریکارڈ قائم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) عمرہ ادا کرنے والے زائرین کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
حرمین انتظامیہ کے مطابق 4 رمضان کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 4 ہزار افراد نے عمرہ ادا کیا جو ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے،اس سے قبل گزشتہ سال 7 مارچ کو 5 لاکھ عمرہ زائرین کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔
حرمین انتظامیہ کے مطابق مطاف (خانہ کعبہ کے گرد سفید سنگِ مرمر کا کھلا صحن) کو دن بھر خصوصی طور پر عمرہ ادا کرنے والوں کے لیے مختص رکھا گیا تھاتاکہ مناسک کی ادائیگی محفوظ اور منظم انداز میں ہو سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نمازوں کے اوقات خصوصاً جمعہ، مغرب، عشاء، تراویح اور رمضان کے آخری عشرے میں تہجد کے دوران نمازیوں کی بڑی تعداد کے باعث رش میں اضافہ ہو جاتا ہے اس لیے عبادت گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دستیاب صحن اور مختص کردہ مقامات کی طرف رخ کریں۔
مسجد الحرام کے داخلی و خارجی راستوں پر آمد و رفت کو سائن بورڈز کے مطابق یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ راہداریوں، سڑکوں اور صحن میں غیر ضروری اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لائیو نشریات کے دوران ہنگامی میزائل الرٹ جاری، ویڈیو وائرل
مسجد الحرام کے اطراف ہجوم اور ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک اقدامات نافذ کیے گئے ہیں جہاں نماز کے اوقات کے قریب گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوتی ہے،غیر مجاز موٹر سائیکلوں اور سائیکلوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ غیر قانونی پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو جرمانے کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔