ملک کے مختلف مقامات پر بارش و برفباری، سردی بڑھ گئی

Jan 01, 2026 | 08:28:AM
ملک کے مختلف مقامات پر بارش و برفباری، سردی بڑھ گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ملک کے مختلف مقامات پر بارش اور برفباری کے بعد عوام نے بڑی تعداد میں سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا جبکہ بارش نے سردی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

گلیات، نتھیا گلی اور ٹھنڈیانی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی، ایبٹ آباد و گردونواح، میرپور شہر و گردونواح میں بارش سے سردی بڑھ گئی جبکہ اسلام آباد میں بھی بادل خوب برسے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوتی رہی، سرگودھا شہر اور گردونواح میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش، خیبرپختونخوا میں بھی موسم نے انگڑائی لی جہاں پشاور میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، مردان شہر اور گردو نواح میں بھی بارش ہوئی جبکہ سوات کے بالائی علاقوں کالام اور مالم جبہ میں دوسرے روز بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔

اسی طرح بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری شروع ہوگئی، زیارت، چمن، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں بھی برفباری ہوئی، اس کے علاوہ پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خدا کرے نئے سال کا ہر دن ملکی سالمیت، قومی ہم آہنگی کی نوید لے کر آئے:صدر، وزیراعظم

محکمہ موسمیات کے مطابق ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں برفباری کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

گوجرانوالہ اور نارووال میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو اور مری میں بارش کی توقع ہے۔

برفباری سے سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا اندیشہ ہے، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے، علاوہ ازیں پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کی شدت میں کمی متوقع ہے۔