10 سال وفاق میں بیٹھ کر ایم کیو ایم نے کراچی کو الزامات کے سوا کچھ نہیں دیا:سعدیہ جاوید

May 31, 2026 | 15:04:PM
 10 سال وفاق میں بیٹھ کر ایم کیو ایم نے کراچی کو الزامات کے سوا کچھ نہیں دیا:سعدیہ جاوید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو ماضی میں خود 'ماسٹر پلان' کے قاتل رہے وہ آج ہمیں قانون کی کتابیں نہ سکھائیں، جب آپ کے پاس طاقت تھی تب شہر کو ملبہ بنایا اور اب بنتا ہوا شہر آپ سے دیکھا نہیں جاتا،10 سال وفاق میں بیٹھ کر ایم کیو ایم نے کراچی کو الزامات کے سوا کچھ نہیں دیا۔

سعدیہ جاوید نے  ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار صاحب! الزامات کی ہانڈی بار بار نہیں چڑھتی، اب عوام بیدار ہیں، آپ فرسودہ اسکرپٹ کے ذریعے عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جو ماضی میں خود 'ماسٹر پلان' کے قاتل رہے وہ آج قانون کی کتابیں نہ سکھائیں، جب آپ کے پاس پاور تھی تب شہر کو ملبہ بنایا، اب بنتا ہوا شہر آپ سے دیکھا نہیں جاتا، جو جماعت برسوں بھتہ خوری اور خوف کی علامت رہی، آج کس منہ سے بات کر رہی ہے؟

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق پیپلز پارٹی نے ہی شہر کو بھتہ خوروں اور مافیا سے نجات دلا کر امن واپس لوٹایا، ایم کیو ایم کے تربیت یافتہ شرپسند عناصر دوبارہ سر اٹھانا چاہتے ہیں، امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کو قانون کے تحت سختی سے روکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 سال وفاق میں بیٹھ کر ایم کیو ایم نے کراچی کو الزامات کے سوا کچھ نہیں دیا، فاروق ستار کو اگر شہر سے واقعی محبت ہے تو وفاق سے صوبے کے فنڈز کیوں نہیں دلائے؟ فاروق ستار کی یادداشت کمزور ہو گئی ہے، کے ایم سی کو کس نے کنگال کیا عوام جانتے ہیں، کراچی کے عوام ایم کیو ایم کی نفرت، تقسیم اور لسانی سیاست کا جنازہ نکال چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چلاس: بابوسر روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا فیصلہ

سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ ہل پارک اور دیگر تفریحی مقامات پر کسی کو غیر قانونی کام کی اجازت نہیں دی جائے گی، ماضی میں شہر کو کنکریٹ کا جنگل بنانے اور 12 مئی کے ذمہ دار آج پارسا بن رہے ہیں، کراچی کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی اور اربن فاریسٹ کیلئے پی پی کے اقدامات واضح ہیں، جہاں جہاں بلدیاتی اداروں میں اپوزیشن ناکام ہوئی، وہاں جیالے میئر نے کام کر کے دکھایا۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق ہل پارک ہو یا گل پلازہ، قانون کا ہتھوڑا سب پر برابر چلے گا، منفی اور الزام تراشی کی سیاست کا وقت ختم ہو چکا، اب فیصلہ صرف میرٹ اور کارکردگی پر ہو گا،  کراچی کو وفاق کے سپردکرنےکا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔