مہنگا پٹرول، بھارتی شہری کم خرچ سفر کیلئے ’’بلیبلا کار ‘‘کا رخ کرنے لگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھارت میں کار پولنگ کے رجحان کو نئی تقویت دے دی ہے، دنیا کے سب سے بڑے کار پولنگ پلیٹ فارم بلیبلاکار کے مطابق ایندھن کے بڑھتے اخراجات سے بچنے کے لیے لاکھوں نئے ڈرائیور اور مسافر اس سروس کا رخ کر رہے ہیں، جس سے بھارت میں اس شعبے کی ترقی غیرمعمولی رفتار اختیار کر گئی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور اس کے نتیجے میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے بھارت میں کار پولنگ کے رجحان کو نمایاں طور پر فروغ دیا ہے، جہاں ایک مسافر ، دیگر مسافروں کے ساتھ ایک ہی ٹیکسی میں سفر کرتا ہے اور مطلوبہ جگہ کا کرایہ شیئر کر لیتا ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے کار پولنگ پلیٹ فارم بلیبلاکار کے مطابق توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث رواں سال 6 لاکھ اضافی ڈرائیور اس پلیٹ فارم سے منسلک ہوئے ہیں، جو کمپنی کے ابتدائی اندازوں سے 20 فیصد زیادہ ہے،کمپنی کا کہنا ہے کہ ایندھن کے بڑھتے اخراجات نے لوگوں کو متبادل اور کم لاگت سفری ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
بھارت، جو 2025 میں 2 کروڑ سے زائد صارفین کے ساتھ بلیبلاکار کی سب سے بڑی منڈی بن چکا ہے، وہاں 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی فضائی کارروائیوں کے بعد مسافروں کی تعداد میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کا زیر آب ڈرونز تیار کرنے کا اعلان