پٹواری رشوت لیتے ہوئے پکڑے جانے پر نوٹ نگل گیا، پولیس کو الٹرا ساؤنڈ رپورٹ کا انتظار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے پٹواری کی الٹرا ساؤنڈ رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ عدالت میں بطور ثبوت پیش کی جا سکے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ویجیلنس اسٹیبلشمنٹ ٹیم نے رشوت لینے والے پٹواری کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا لیکن ٹیم معاملے کو حل کرنے کیلیے پریشان ہے۔
ویجیلنس اسٹیبلشمنٹ کو شکایت موصول ہوئی کہ گلش حیدر نامی پٹواری سرٹیفکیٹ اور ڈومیسائل وغیرہ بنانے کیلیے رشوت وصول کرتا ہے، ادارے نے شکایت پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 26 مئی کو دہرادون میں ملزم کو کام کے عوض پیسے وصول کرتے ہوئے پکڑ لیا،ملزم نے دیکھا کہ وہ اب بچ نہیں سکتا تو اس نے رشوت کی (500 روپے کے چار نوٹ) فوراً چبا کر نگل لیے تاکہ کوئی ثبوت نہ رہے، یہ منظر دیکھتے ہوئے ویجیلنس ٹیم پریشان ہوگئی اور ملزم کو فوری ہسپتال منتقل کیا۔
سرکاری ہسپتال میں گلش حیدر کا سی ٹی سکین کروایا گیا لیکن نوٹوں کے بارے میں کوئی ثبوت نہ ملا،ڈاکٹروں کے مشورے پر ملزم کا الٹرا ساؤنڈ کروایا گیا ہے جس کی رپورٹ آنا باقی ہے اور ویجیلنس ٹیم کو امید ہے کہ رپورٹ میں ملزم کے پیٹ میں نوٹوں کی موجودگی کا ثبوت مل جائے گا۔
ویجیلنس اسٹیبلشمنٹ نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا جہاں اسے 14 روز کیلیے عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا، الٹرا ساؤنڈ رپورٹ آنے تک ملزم کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی چیف آف ڈیفنس کا پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی کا اعتراف