صدر زرداری سے علیم خان، ثمینہ خالد گھرکی سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی ملاقات 

May 30, 2025 | 18:25:PM
 صدر زرداری سے علیم خان، ثمینہ خالد گھرکی سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات کی ملاقات 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(محمد حسن)   صدر آصف علی زرداری سےآج گورنر ہاؤس لاہور میں وفاقی وزیر مواصلات علیم خان، ایم این اے ثمینہ خالد گھرکی نے پیپلز پارٹی کے بانی کارکن عارف خان اور ذکا اشرف کے ہمراہ  اور   پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما بیگم رانا ناصرہ شوکت اور  ڈاکٹر فرید الظفر نےعلیحدہ  علیحدہ ملاقاتیں کیں ، ان ملاقاتوں  کے دوران   گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر   بھی موجود تھے۔  

تفصیلات کےمطابق صدر  آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کی ملاقات میں ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مواصلاتی نظام کی بہتری، اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔وفاقی وزیر علیم خان نے صدر مملکت کو وزارتِ مواصلات کی جاری اور مجوزہ منصوبوں پر  آگہی دی۔ صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ ملکی ترقی کے لیے جدید اور پائیدار مواصلاتی نظام ناگزیر ہے،ترقیاتی منصوبے روزگار کے مواقع پیدا  کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی رفتار تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں ، وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل قومی مفاد میں ہے، ملکی  ترقی و خوشحالی کے لئے تمام اداروں کو باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر ہاؤس لاہور میں ایم این اے ثمینہ خالد گھرکی، پیپلز پارٹی کے بانی کارکن عارف خان اور ذکا اشرف نے بھی ملاقات کی،اس ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، جمہوری عمل کے استحکام، اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ جمہوریت ہماری قومی شناخت کا بنیادی ستون ہے، ہمیں پارلیمانی اقدار، قانون کی حکمرانی اور عوامی شمولیت کو مستحکم بناناہے، تمام جمہوری قوتوں کو مل کر عوامی مسائل کے حل، اداروں کی مضبوطی اور آئینی نظم و ضبط کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا، منتخب نمائندے اور سیاسی کارکن عوام سے رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ ایم این اے ثمینہ خالد گھرکی نے صدر کو اپنے حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز  بھی پیش کیں۔

اس کے علاوہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سےآج  گورنر ہاؤس میں پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما بیگم رانا ناصرہ شوکت اور ڈاکٹر فرید الظفر نے ملاقات کی ،ملاقات میں معاشرتی ترقی، تعلیم، خواتین کے کردار، اور قومی یکجہتی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی موجود تھے۔بیگم رانا ناصرہ شوکت اور ڈاکٹر فرید الزیا نے صدر مملکت کو مختلف امور سے متعلق آگاہ کیا ۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری  کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی میں خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے، ایک مضبوط معاشرہ وہی ہوتا ہے جو اپنی اقدار، تعلیم اور سماجی خدمت کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہہمیں اجتماعی شعور اور باہمی احترام کے ساتھ آگے بڑھنا ہے، ہر فرد کا کردار قومی تعمیر میں اہم ہے، اور ہمیں مل کر ایک خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان بنانا ہے۔  

یہ بھی پڑھیں:چھٹیاں دی ہیں سکول کیوں کھولے ؟۔۔5 تعلیمی ادارے سیل