وزارت خزانہ کی معاشی رپورٹ جاری، سستے تیل کا فائدہ عوام تک پہنچنے کا امکان

Jun 30, 2026 | 18:29:PM
وزارت خزانہ کی معاشی رپورٹ جاری، سستے تیل کا فائدہ عوام تک پہنچنے کا امکان
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم)وفاقی وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عالمی تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کے اثرات ملکی پیٹرولیم قیمتوں پر بھی مرتب ہونے کی توقع ہے، جس سے مہنگائی کے دباؤ میں کمی اور مجموعی قیمتوں میں استحکام لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جون کے دوران مہنگائی کی شرح 11 سے 12 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ مالی سال 2025-26 میں ملکی معیشت کی بنیادی اشاریوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں معاشی شرح نمو 3.7 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ چار برسوں کے دوران مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ملکی معیشت کا حجم بڑھ کر 452.1 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ، ٹیکس دہندگان کو ریلیف فراہم کرنے اور مالیاتی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں اس امید کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران ملکی معاشی منظرنامہ مزید بہتر ہوگا اور معاشی استحکام کا عمل مزید مضبوط ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں :جولائی سے ستمبر تک موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی جاری کر دی