گھر سے بھاگی ہوئی خاتون کی بچی کے ساتھ بدسلوکی، ملزم گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) شیخوپورہ سے 4 بچوں کے ساتھ بھاگ کر کراچی آنے والی خاتون آسیہ کو سی پی ایل سی اور پولیس نے بازیاب کرایا تو خاتون نے شیلٹر ہوم میں داخلے کے بعدانکشاف کیا کہ ان کی کم سن بچی کے ساتھ کسی درندے نے بدسلوکی کی ہے۔ پولیس نے فوری ایکشن کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ذمہ دار صحافتی ذرائع نے بتایا کہ تین ماہ پہلے شیخوپورہ سے ایک خاتون آسیہ اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کے ساتھ بھاگ کر کراچی آ گئی تھیں۔ انہوں نے گزر بسر کرنے کے لئے اورنگی ٹاون میں سموسے رول کا ٹھیلا لگانا شروع کر دیا تھا۔ اور اپنے بچوں کے ساتھ اسی علاقہ میں مقیم تھیں۔
خاتون کے شوہر نے شیخوپورہ کے علاقہ مانوانوالا کے تھانے میں بیوی بچوں کے اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا تھا۔
تین ماہ بعد سی پی ایل سی اور پاکستان بازار پولیس نے خاتون کو تلاش کرکے سہراب گوٹھ پر واقع شیلٹر ہوم منتقل کیا، تو خاتون نے اپنی 8 سالہ بیٹی مریم سے زیادتی کا انکشاف کیا، اور کہا کہ وہ گلشن ضیا الطاف نگر میں اپنے رول سموسے کے ٹھیلے پر موجود تھی، خاتون کے مطابق انہوں نے اسی دوران اپنی بیٹی سے کہا تمھارے کپڑے میلے ہیں، تبدیل کر کے آجاؤ۔

آسیہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی جب واپس آئی تو اس کے ہاتھ میں 40 روپے تھے اور وہ ڈری ہوئی تھی۔ اس وقت بچی نے ان کے پوچھنے کے باوجود کچھ نہیں بتایا، ایک ہفتے بعد بیٹی نے بتایا کہ اس روز جب وہ گھر جا رہی تھی تو "حلیم والے انکل افتخار" پیچھے آئے، میرے کپڑے اتار کر زبردستی کی اور کہا کہ کسی کو بتایا تو جان سے مار دوں گا۔

خاتون نے کہا اسی دوران پولیس اور سی پی ایل سی نے ہمیں شیخوپورہ میں درج کیس کی تفتیش کرتے ہوئے کراچی میں تلاش کر لیا اور شیلٹر ہوم لے گئی۔ کراچی کی پاکستان بازار پولیس نے خاتون کے بیان پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم افتخار حسین کو گرفتار کر لیا اور متاثرہ بچی کا میڈیکل بھی کروا لیا۔ پاکستان بازار پولیس نے شیخوپورہ پولیس کو بھی معاملے سے آگاہ کر دیا ہے۔