کورونا کے وار جاری،مزید55اموات،2155 نئےمریض

Dec 30, 2020 | 10:10:AM
کورونا کے وار جاری،مزید55اموات،2155 نئےمریض

 (24نیوز)ملک میں کورونا  کا زور تھم نہ سکا،ایک روز مزید 55  افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی۔24گھنٹوں میں 2155 نئے مریض بھی سامنے آگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا سے 55اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرتے ہوئے 10047 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 4 لاکھ 77240 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 37080 ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے 36390 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2155 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 5.8 فیصد رہی۔ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4619 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 430113 ہوگئی ہے۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 137295 ہے اور 3982 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں۔سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 213193 ہوگئی ہے جبکہ 3520 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔  بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18118 اور اموات182 ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 57982 اور 1627 اموات ہوچکی ہیں ، آزاد کشمیر میں 8241 افراد وائرس میں مبتلا ہوئے اور 220 افراد انتقال کرچکے ہیں۔اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 37556 ہے اور اب تک 415 مریض انتقال کرچکے ہیں۔ پورٹل کے مطابق گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4855 اور 101 افراد انتقال کرچکے ہیں۔