کمیبرج کا میتھمیٹکس کا پرچہ کیسے لیک ہو گیا، ادارہ کی غیرمعمولی واقعہ پر تشویش

Apr 30, 2026 | 18:45:PM
کمیبرج کا میتھمیٹکس کا پرچہ کیسے لیک ہو گیا، ادارہ کی غیرمعمولی واقعہ پر تشویش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان میں تعلیمی بورڈ کے امتحانات کے دوران امتحانی پرچے لیک ہو جانا معمول کی بات ہے لیکن اب پاکستان میں کیمبرج  انٹرنیشنل بورڈ کا امتحانی پرچہ بھی لیک ہو کر امتحان دینے  والے سٹوڈنٹس کے ہاتھوں میں پہنچ گیا۔ کیمبرج نے پاکستان اور کئی دوسرے خطوں میں اے لیول امتحانات میں میتھمیٹکس کا پرچہ آؤٹ ہونےکی تصدیق کرتے ہوئے اس سنگین واقعہ کی تحقیقات کروانے اور تدارک کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 کیمبرج  انٹرنیشنل نے اے لیول ریاضی کے امتحانی پرچے کے آؤٹ ہونے کے سنگین واقعہ  کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  اے لیول ریاضی کے پیپر  12 (9709)، جو  افریقہ، یورپ، مشرقِ وسطیٰ، پاکستان اور جنوبی ایشیا میں لیا گیا، یہ امتحانی پرچہ امتحان سے قبل ضوابط کے خلاف "شیئر کیا گیا" تھا۔ 

کیمبرج کا کہنا ہےکہ ان کی اولین ترجیح یہ یقینی بنانا ہےکہ اس واقعے سے سٹوڈنٹس کو کوئی نقصان نہ پہنچے اور امتحانات کی شفافیت  اور سالمیت برقرار  رکھی جائے۔

کیمبرج نے سٹوڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ باقی مضامین کے امتحانات کی تیاری جاری رکھیں اور شیڈول کے مطابق شرکت کریں۔

کیمبرج کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ آئندہ کے اقدامات سے متعلق فیصلے سینئر  اور تجربہ کار ماہرین کریں گے  تاکہ امتحان میں شریک ہونے والے سٹوڈنٹس کو  دیئے جانے والے گریڈز کی ساکھ برقرار رہے اور  یونیورسٹیاں اور  دیگر ادارے ان پر اعتماد کرسکیں۔

کیمبرج نے   زور دیا کہ امتحانی نظام کی سالمیت متاثر ہونا ایک  غیر معمولی  واقعہ ہے۔ جہاں بدعنوانی کے شواہد ملتے ہیں وہاں متعلقہ امتحانی مراکز اور ملوث سٹوڈنٹس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

کیمبرج کا اے لیول ریاضی کا پرچہ بدھ کے روز امتحان سے تقریباً 6 گھنٹے پہلے سوشل پلیٹ فارمز پر آ گیا تھا۔ بعد مین امتحان شروع ہوا تو سٹوڈنٹس کو دیئے گئے پرچے اور اس لیک ہونے والے مواد میں کوئی فرق نہیں تھا۔ 

یہ بھی پڑھیں:  کراچی میں امتحانات مذاق، میٹرک، انٹر کے بعد کیمبرج کا پرچہ بھی آؤٹ ہو گیا 

اعلامیے کے مطابق ادارہ ایسے واقعات کی فوری اور مکمل تحقیقات کرتا ہے اور اس وقت لیک کی نوعیت اور حد کا تعین کیا جا رہا ہے.  آئندہ کے اقدامات طے کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ کیمبرج 7 مئی 2026 کو مزید پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیئے:  کیمبرج کی 2025 کے امتحانات میں 3 پیپرز کے جزوی لیک ہونے کی تصدیق