عراق میں انسدادِ بدعنوانی مہم،خاتون رکنِ پارلیمنٹ اور بیٹاگرفتار

Jun 29, 2026 | 22:17:PM
عراق میں انسدادِ بدعنوانی مہم،خاتون رکنِ پارلیمنٹ اور بیٹاگرفتار
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) عراق میں حکومت کی جانب سے جاری ملک گیر انسدادِ بدعنوانی مہم کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خاتون رکنِ پارلیمنٹ عالیہ نصیف اور ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کی رہائش گاہ سے تقریباً 20 ارب عراقی دینار (15.5 ملین امریکی ڈالر) نقد رقم اور بڑی مقدار میں سونا برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

عراقی میڈیا اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے عالیہ نصیف کے بیٹے سجاد ماضی میں سابق وزیراعظم محمد شیاع السودانی کے دفتر میں چیف آف سٹاف کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اتوار کی علی الصبح عراق کی کاؤنٹر ٹیررازم سروس کی خصوصی ٹیموں نے بغداد کے انتہائی محفوظ گرین زون سمیت مختلف علاقوں میں بیک وقت چھاپے مارے،یہ کارروائیاں وزیراعظم علی الزیدی کی ہدایت پر شروع کی گئی وسیع تر انسدادِ بدعنوانی مہم کا حصہ بتائی جا رہی ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق عالیہ نصیف کے گھر کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں نقد رقم اور سونا برآمد کیا گیا جبکہ مجموعی کارروائیوں میں 85 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے اثاثے، اربوں عراقی دینار، غیر ملکی کرنسی اور مزید سونا مختلف مقامات سے قبضے میں لیا گیا۔

عراقی حکام کے مطابق یہ گرفتاریاں عدالتی وارنٹس کی بنیاد پر عمل میں آئیں، سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ بعض گرفتاریاں سابق نائب وزیرِ تیل عدنان الجمیلی سے دورانِ تفتیش حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر کی گئیں  جنہیں مئی کے آخر میں بدعنوانی کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران ایسے ارکانِ پارلیمنٹ کو بھی گرفتار کیا گیا جن کی پارلیمانی استثنیٰ ختم کی جا چکی تھی  جبکہ متعدد سرکاری افسران بھی تحقیقات کی زد میں آئے ہیں،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چند مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے  جس کے بعد گرین زون کے داخلی راستے بند کر کے سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا گیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل عراقی حکام نے ایک اور بڑے کرپشن کیس میں 107 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے سرکاری فنڈز کی بازیابی کا اعلان کیا تھا،سپریم جوڈیشل کونسل کے مطابق اس کارروائی میں گھروں کے نیچے چھپائی گئی اربوں دینار کی نقد رقم، سونا، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں :  دبئی:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، اعلان کل ہوگا