دبئی:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع، اعلان آج ہوگا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز)متحدہ عرب امارات میں چار ماہ مسلسل اضافے کے بعد جولائی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان برقرار ہے، تاہم چند روز قبل لگائے گئے اندازوں کے مقابلے میں یہ ریلیف نسبتاً کم ہو سکتا ہے، نئی قیمتوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔
مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران بلند سطح پر پہنچنے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جس سے یو اے ای کے موٹرسائیکل اور گاڑی مالکان کے لیے ایندھن سستا ہونے کی توقعات مضبوط ہوئی ہیں تاہم ہفتے کے اختتام پر امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ فوجی کارروائیوں نے مارکیٹ کو یہ یاد دلایا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا سفر آسان نہیں ہوگا۔
پیر کے روز عالمی معیار کے خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 73.18 ڈالر فی بیرل رہی، جو یومیہ بنیاد پر معمولی اضافے کے باوجود کشیدگی شروع ہونے سے قبل تقریباً 72 ڈالر فی بیرل کی سطح کے قریب ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت بڑھ کر 69.96 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
یہ صورتحال تیل کی عالمی منڈی میں ایک بڑی تبدیلی کے بعد سامنے آئی ہے۔ مئی کے دوران آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات کے باعث برینٹ خام تیل کی اوسط قیمت تقریباً 106 ڈالر فی بیرل رہی، جبکہ تنازع کے دوران اس کی قیمت مختصر وقت کے لیے 110 سے 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔
متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتیں ہر ماہ گزشتہ مہینے کے خام تیل کی اوسط قیمت کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہیں، اسی لیے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ صارفین کو ملنے کا امکان ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نجکاری مکمل