اسرائیل کےحملے جاری، 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید

Dec 29, 2023 | 11:39:AM
اسرائیل کےحملے جاری، 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اسرائیل کی جانب سے رہائشی علاقوں اور ہسپتالوں کے اطراف میں شدید بمباری جاری، حملوں کے نتیجے میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بیت لاحیا، خان یونس اور المغازی کے علاقوں میں حملے کیے جن میں 50 فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے، رفاہ کے کویتی ہسپتال کے قریب اسرائیلی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد شہید اور زخمی ہو گئے ،ادھر فلسطینی ہلال احمر کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں العمل ہسپتال کے قریب حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے، مغربی کنارے میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 2 فلسطینی شہید اور 25 کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری جانب مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام کیخلاف اسرائیل کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں، یرغمالیوں کی واپسی کی احتجاجی تحریک کے رہنما نے کہا کہ اسرائیلیوں کیلئے مستقل امن فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کے ناجائز قبضوں کے خاتمے کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

نوجوان اسرائیلی رہنما ایلون لی گرین نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری تحریک کا بنیادی مطالبہ یرغمالیوں کی بخیریت واپسی، غزہ میں معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کا خاتمہ اور جنگ بندی ہے، ہم جانتے ہیں کہ ایک کے بعد ایک جنگ سے ابھی تک کچھ حاصل نہیں ہو سکا، اس سے صرف تباہی اور موت آئی ہے اور دونوں طرف نفرت کی دیواریں مضبوط ہوئی ہیں۔