وزیراعظم سے قازقستان کے وزیرکی ملاقات،ریل لنک، تجارت سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق

Apr 29, 2025 | 22:34:PM
وزیراعظم سے قازقستان کے وزیرکی ملاقات،ریل لنک، تجارت سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر اتفاق
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (اویس کیانی )وزیراعظم پاکستان  شہباز شریف سے قازقستان کے وزیرِ ٹرانسپورٹ مرات کاراباییو نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، ٹرانسپورٹ روابط، تعلیم، سرمایہ کاری اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

  اسلام آباد میں منعقد اس اہم ملاقات میں وفاقی وزراء عبدالعلیم خان (مواصلات)، وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ،  وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ،وزیرریلوے حنیف عباسی ،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے قازق وزیر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور قازق صدر قاسم جومارت توکایف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں حالیہ ورلڈ واٹر سمٹ  کے دوران صدر توکایف سے ان کی ملاقات انتہائی مفید اور نتیجہ خیز رہی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان ریل لنک کو گیم چینجر" قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فوری طور پر اس کی فیزیبیلیٹی رپورٹ اور تکنیکی تیاریوں پر کام شروع کیا جائے،انہوں نے کہا کہ یہ ریل لنک وسطی ایشیائی ریاستوں کو گوادر بندرگاہ سے منسلک کرے گا اور خطے کی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا،اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد جلد قازقستان کا دورہ کرے گا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ قازقستان پاکستان میں مارشل آرٹس اور شطرنج کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے،انہوں نے تجویز دی کہ قازق یونیورسٹیاں پاکستان میں اپنے کیمپسز قائم کریں تاکہ تعلیمی تبادلوں کو فروغ ملے۔

 وزیراعظم نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کو ہدایت دی کہ وہ قازقستان اور پاکستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطے قائم کرنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل تیار کرے،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس (B2B) روابط کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 دوسری جانب قازق وزیر ٹرانسپورٹ مرات کاراباییو نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ قازق تاجروں اور سرمایہ کاروں نے پاکستان سے B2B تعلقات استوار کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، کیونکہ پاکستان ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں قازقستان کے لیے بے حد اہمیت کی حامل ہیں  اور المآتے سے گوادر تک ریل لنک کا قیام ہماری ترجیح ہے۔

 قازق وزیر نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں جوائنٹ انٹر منسٹیریل کمیشن کے 13ویں اجلاس کے دوران 10 مختلف شعبوں میں تعاون پر فریم ورک معاہدے طے پائے ہیں،اس کے علاوہ معیشت، اطلاعات و ثقافت، ٹیکسٹائل، اور معدنیات کے شعبوں میں بھی کئی مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ قازقستان کی تاجر برادری اور سرمایہ کاروں پر مشتمل وفد نے کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا دورہ کیا اور کراچی میں بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں بھی کیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی طرف سے کچھ ہوا تو اس کا جواب بھرپور انداز سے دیا جائیگا،محسن نقوی