مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کا امکان

Sep 28, 2026 | 09:23:AM
مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں کا امکان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ متعدد شہروں اور علاقوں میں سڑکوں اور شاہراہوں پر پانی جمع ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کا کہنا ہے کہ پیر سے جمعے تک مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، جازان، عسیر اور الباحہ سمیت کئی علاقوں میں مختلف شدت کی بارش متوقع ہے،بعض مقامات پر منگل اور بدھ کے روز بارش کی شدت بڑھ سکتی ہے، جس کے دوران تیز ہوائیں، ژالہ باری، اچانک سیلاب، حدِ نگاہ میں نمایاں کمی اور ساحلی علاقوں میں بلند لہروں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ریاض میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش نے گرمی کی شدت کم کردی، جبکہ کئی علاقوں میں بارش کے پانی سے سڑکیں زیرِ آب آگئیں،شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا، تاہم حکام نے بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

مکہ مکرمہ میں بھی تیز بارش کا سلسلہ رہا، مسجد الحرام میں عمرہ زائرین نے بارش کے دوران طواف کعبہ جاری رکھا، بارانِ رحمت نے حرم شریف میں موجود زائرین کے لیے روحانی کیفیت پیدا کردی اور انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جازان کے متعدد علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار بارش متوقع ہے،عسیر اور الباحہ کے مختلف شہروں میں بھی بارش کے ساتھ اچانک سیلاب اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

مکہ مکرمہ کے علاقے میں طائف، میسان، اضم اور العرضیات سمیت بعض مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ مکہ شہر میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شائقینِ کیلئے بڑی خوشخبری!  پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

مدینہ منورہ، العلا اور خیبر میں پیر سے جمعرات تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جبکہ وادی الفرع، بدر اور المہد میں پیر سے جمعے تک درمیانی سے موسلادھار بارش متوقع ہے،حائل کے مختلف علاقوں میں بھی پیر سے جمعرات تک ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح تبوک کے مختلف علاقوں میں پیر سے جمعے تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، دیگر شمالی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم افراد کو بارش کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے، شہریوں کو خاص طور پر وادیوں، نشیبی علاقوں اور ان مقامات سے دور رہنے کا کہا گیا ہے جہاں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے،ایسے علاقوں میں تیراکی سے بھی گریز کرنے اور سرکاری ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق بارش کے دوران بعض علاقوں میں اچانک سیلاب، تیز ہواؤں، گردوغبار، ژالہ باری اور کم حدِ نگاہ جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں، اس لیے شہریوں اور مسافروں کو غیر ضروری طور پر خطرناک مقامات کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔