چودھری عدنان قتل کیس، سابق سینیٹر چودھری تنویر کی ضمانت منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سابق پارلیمانی سیکرٹری چودھری عدنان قتل کیس میں نامزد سابق سینیٹر چودھری تنویر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر لی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج چوہدری ماجد حسین نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا،عدالت نے چودھری تنویر کو 10،10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ۔ اس سے قبل کیس میں وکلاء کی جانب سے تفصیلی دلائل دیئے گئے تھے جس کے بعد عدالت نے گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
خیال رہے کہ چودھری تنویر اس کیس میں گرفتار تھے اور انہوں نے ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، عدالت کی جانب سے ضمانت منظور ہونے کے بعد ان کی رہائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے، چودھری عدنان کو 12 فروری کی شام پولیس لائنز گیٹ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا، ملزموں کے خلاف تھانہ سول لائنز راولپنڈی میں قتل کا مقدمہ درج ہے۔
چوہدری عدنان 2018 میں راولپنڈی سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 11 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم 9 مئی کے واقعات کے بعد پارٹی سے علیحدگی کے باعث وہ حالیہ الیکشن میں آزاد حیثیت میں میدان میں اترے تھے۔