پیپلزپارٹی کے ایم پی اے کی عثمان بزدار سے ملاقات،اعتماد کا اظہار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پنجاب حکومت کا سینٹ الیکشن سے پہلے پی ڈی ایم کو ایک اور جھٹکا، وزیراعلیٰ پنجاب سے مسلم لیگ ن کے بعد پیپلزپارٹی کے رحیم یار خان سے رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار اور رئیس نبیل احمد کی ملاقات ایوان وزیراعلیٰ میں ہوئی، پی پی 265 سے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رئیس نبیل احمد نے وزیراعلیٰ پنجاب کو حلقے کے مسائل اور عوامی ضروریات سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہر حلقے کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں، میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، ترقی پر ہر شہر اور قصبے کے عوام کا حق ہے۔
عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب کے دور افتادہ شہروں کا ترقی پر پورا حق ہے اور ہم انہیں یہ حق لوٹائیں گے، سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا، ترقی کے سفر پر پہلا حق پسماندہ علاقوں کا ہے، بعض عناصر نے جعلی نعروں سے عوام کا دل بہلایا، عوام سمجھدار اور اچھے برے کی تمیز رکھتے ہیں، ترقی مخالف عناصر پراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔
پی پی رکن پنجاب اسمبلی رئیس نبیل احمد نے کہا کہ عثمان بزدار سے ملاقات بہت خوشگوار رہی، آپ انتہائی اخلاق سے ملتے ہیں، آپ کی ملنساری سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما عون چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔