سکیورٹی گارڈ کی ڈاکوؤں پر فائرنگ، شہری لٹنے سے بچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اسامہ ملک )کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ محافظ میں شہری سے ڈکیتی کی کوشش سکیورٹی گارڈ کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق شہری بینک سے 5 لاکھ روپے کی رقم لے کر نکلا تھا کہ راستے میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔
شہری نے قریب واقع ایک بنگلے کا دروازہ کھلا دیکھا تو فوری طور پر اندر داخل ہوگیا، تاہم ملزمان بھی موٹر سائیکلیں چھوڑ کر بنگلے کے اندر گھس آئے اور لوٹ مار کی کوشش کی۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بنگلے کے سکیورٹی گارڈ نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور پھر فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر بھی فائر کیے۔
جس کے بعد ملزمان شہری سے رقم لوٹے بغیر ہی موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق 24 فروری کو پیش آنے والے اس واقعے میں ڈاکو فرار ہوتے وقت شناخت چھپانے کے لیے موٹر سائیکل سے اتر کر ایک گاڑی میں بھی سوار ہوئے۔
واقعے کی مختلف ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔