لاہور:نیو ایئر نائٹ پرسخت سکیورٹی پلان تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)نیو ایئر نائٹ کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پنجاب پولیس نے جامع سکیورٹی پلان مکمل کر لیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور تمام فیلڈ فارمیشنز کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
آئی جی پنجاب کے مطابق نیو ایئر نائٹ پر صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
صرف لاہور میں پانچ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
تعینات کی جانے والی نفری میں 419 انسپکٹرز، 1267 سب انسپکٹرز، 2189 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 1408 ہیڈ کانسٹیبلز اور 16 ہزار 977 کانسٹیبلز شامل ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ لاہور سمیت پورے صوبے میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ملک دشمن عناصر، مشکوک افراد اور قانون شکنی میں ملوث عناصر پر خصوصی نظر رکھی جائے۔
آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔
خواتین اور شہریوں کو ہراساں کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حوالات میں بند کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:2026 کو بہترین انداز میں خوش آمدید کہا جائے گا، دبئی میں سالِ نو پر شاندار آتش بازی کا اعلان
انہوں نے نیو ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط اور مؤثر انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔
ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے گا۔
لاہور سمیت صوبے کے تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق گزشتہ برس ریکارڈ یافتہ ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان سے پیشگی ضمانتی مچلکے بھی حاصل کیے جائیں گے۔
سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، ون ویلنگ یا ہوائی فائرنگ کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔