29اگست تا2ستمبر ملک بھرمیں گرج چمک کیساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(حاشر احسن)محکمہ موسمیات نے 29اگست سے 2ستمبر تک وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کاامکان ظاہر کیا ہے جس سے سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ 29 اگست تا 2 ستمبر اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے شمالی و شمال مشرقی اضلاع میں 30 اور 31 اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے ،جس سے سیلابی صورتحال متوقع ہے۔شمالی اضلاع میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین شامل ہیں۔
وسطی و جنوبی پنجاب میں29 تا 31 اگست کے دوران بارشیں متوقع ہے،جس سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
ادھرخیبر پختونخوا میں29 تا 31 اگست کے دوران شدید بارشیں متوقع ہے جبکہ ملاکنڈ و ہزارہ ڈویژن میں لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔کے پی اضلاع میں چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، ٹانک، کوہاٹ اور بنوں شامل ہیں۔
اسی طرح آزاد کشمیر میں مظفرآباد، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور، بھمبرمیں29 اگست تا 2 ستمبر کے دوران شدید بارشیں متوقع ہے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان میں29 تا 31 اگست تک بارشیں متوقع ہے، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کا خدشہ ہے۔گلگت بلتستان کے اضلاع میں گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اورگانچھے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مفتی کفایت اللہ انتقال کر گئے
رپورٹ کے مطابق سندھ کے ساحلی اضلاع کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر میں 30 اگست تا 2 ستمبر کے دوران بارشیں متوقع ہے۔کراچی میں ممکنہ شدید بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔
اندرون سندھ کے اضلاع بشمول حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور میں 30 اگست تا یکم ستمبر موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
بلوچستان کے ساحلی و مشرقی اضلاع بشمول گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، لسبیلہ، قلات میں 29 اگست تا یکم ستمبر تک بارشیں متوقع ہے اور نشیبی علاقوں سیلاب کا خدشہ ہے۔ممکنہ مزید بارشوں کے نتیجے میں دریائے راوی،ستلج اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال میں مزید شدت متوقع ہے۔
کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور ریسکیو حکام سے رابطہ کریں۔متاثرہ علاقوں میں این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری امدادی کاروائیوں کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ممکنہ طور پر مزید بارشوں کی صورت میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں کے ملحقہ علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔ سیاح حضرات سے التماس ہے کہ ممکنہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے منگنی کرلی