ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کیلئے50 سے زائد ممالک سے رابطے کیے:امریکی وزیر خزانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے امریکا نے 50 سے زائد ممالک سے رابطے کیے ہیں۔
سکاٹ بیسنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کی ہدایت پر امریکی محکمہ خزانہ کی ٹیموں نے مختلف ممالک کا دورہ کیا اور ایران کے ساتھ معاشی روابط محدود کرنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا۔
امریکی وزیر خزانہ کے مطابق اس مہم کے تحت ایرانی ایئرلائنز اور بینکوں کے خلاف بھی اقدامات کیے گئے ہیں،ان کا کہنا ہے کہ ترکی اور عمان نے ایرانی ایئرلائن ماہان ایئر کی پروازیں روک دی ہیں، جبکہ متحدہ عرب امارات نے ایرانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔
سکاٹ بیسنٹ نے بینکاری کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا، رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے ایران کے بینک ملی کی شاخوں سے متعلق لین دین روکنے کے اقدامات کیے، جبکہ ترکی نے گزشتہ ہفتے بینک ملت کی استنبول شاخ کا آپریٹنگ لائسنس منسوخ کردیا تھا
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کے حکام نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں سے ایران کے خلاف معاشی دباؤ مزید بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے بینکاری اور فضائی رابطوں کو محدود کرنے کی کوششیں تیز کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:طالبان رجیم میں افغانستان منشیات کی پیداوار اورعالمی اسمگلنگ کا گڑھ بن گیا
سکاٹ بیسنٹ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ واشنگٹن دنیا بھر میں ایرانی ایئرلائنز کی سرگرمیاں محدود کرنا چاہتا ہے تاہم رپورٹس کے مطابق ایران کی بعض ایئرلائنز اب بھی چین اور روس سمیت چند ممالک کے لیے بین الاقوامی پروازیں چلا رہی ہیں۔