ویڈیو: ناچتے روبوٹ نے بچے کو تھپڑ جڑ دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)چین کے صوبے شانشی میں ایک ٹیکنالوجی شو کے دوران ایک غیر متوقع اور حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں رقص کا مظاہرہ کرنے والے ایک ہیومینائڈ روبوٹ نے وہاں موجود ایک معصوم بچے کے چہرے پر تھپڑ جڑ دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک انسان نما (ہیومینائڈ) روبوٹ سٹیج پر اپنے رقص کی مہارت کا مظاہرہ کر رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق رقص کے دوران جب روبوٹ نے تیزی سے اپنے بازو گھمائے، تو قریب کھڑا ایک بچہ اس کی زد میں آ گیا۔
روبوٹ کی موومنٹ کے ساتھ ہی بچے نے پیچھے ہٹ کر بچنے کی کوشش کی، لیکن روبوٹ کی حرکات اتنی تیز تھیں کہ اس کا سخت ہاتھ براہ راست بچے کے منہ پر لگا۔
خوش قسمتی سے کسی بڑے جسمانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم وہاں موجود تماشائی اس غیر متوقع ردعمل کو دیکھ کر ششدر رہ گئے۔
مزید پڑھیں:پٹرول کی قلت، بینک ملازم گھوڑے پر دفتر پہنچ گیا
جس روبوٹ سے یہ حرکت سرزد ہوئی وہ ”یونی ٹری جی ون“ ماڈل ہے، جس کا وزن تقریباً 35 کلوگرام اور قد 1.32 میٹر ہے۔
اس میں حرکت کرنے کے 23 مختلف جوڑ اور جدید ترین سینسنگ سسٹم نصب ہے، اور یہ روبوٹ لیڈار ٹیکنالوجی اور تھری ڈی کیمروں سے لیس ہے، جسے انسانی حرکات کی نقل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
???????? Humanoid robot casually punching a kid… yeah, we’re still far from everyday uncontrolled usage. pic.twitter.com/f2sfymaqRJ
— Lord Bebo (@MyLordBebo) March 23, 2026
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہم ابھی ایسی ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال سے کافی دور ہیں، کیونکہ روبوٹ کی حرکات غیر متوقع ہو سکتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے طنزیہ تبصرے کیے، جبکہ کچھ نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ روبوٹس کے قریب بچوں کی نگرانی خود کریں۔
ٹیکنالوجی شو کی انتظامیہ نے واقعے کے فوراً بعد روبوٹ کو قابو میں کر کے حاضرین سے دور ہٹا دیا تاکہ مزید کسی نقصان سے بچا جا سکے۔