پاکستانی فوج دلیر ،دونوں ممالک میں دشمنی جاری رکھنے کی وجہ نظر نہیں آئی،ابھی نندن کا ویڈیو بیان

Feb 27, 2021 | 17:51:PM
پاکستانی فوج دلیر ،دونوں ممالک میں دشمنی جاری رکھنے کی وجہ نظر نہیں آئی،ابھی نندن کا ویڈیو بیان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر پاکستان کی جانب سے 27 فروری 2019 کو پکڑے گئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا ایک نیا ریکارڈڈ کلپ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطا بق ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے ’پاکستانی فوج کو پیشہ ورانہ اور دلیر پایا ، میں پاکستانی فوج کی جانب سے دکھائی جانے والی دلیری سے بہت متاثر ہوا۔ لڑائی تب ہوتی ہے جب امن نہیں ہوتا، مجھے نہیں پتا امن کے لیے کیا کرنا چاہیے لیکن امن ہونا چاہیے کیونکہ مجھے دشمنی جاری رکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آئی، چاہتا ہوں ہمارے دیس میں امن رہے اور ہم امن میں رہ سکتے ہیں۔
 بیان میں ابھی نندن کی جانب سے کہا گیا کہ پیرا شوٹ سے اوپر سے نیچے آتے وقت میں نے دونوں ملک دیکھے، مجھے دونوں میں کوئی فرق پتا نہیں چلا، دونوں ایک جیسے ہی خوبصورت ہیں۔ جب میں نیچے گرا تو مجھے پتا بھی نہیں تھا کہ میں پاکستان میں ہوں یا بھارت میں ۔
ابھی نندن نے بتایا کہ مجھے کافی چوٹ لگی اور میں ہل نہیں پا رہا تھا لیکن میں نے یہ جاننے کی کوشش کی میں کون سے ملک میں ہوں اور جب مجھے لگا کہ میں اپنے ملک میں نہیں ہوں تو میں نے بھاگنے کی کوشش کی میرے پیچھے لوگ آئے تھے جو کافی جوش میں تھے اور وہ مجھے پکڑنا چاہتے تھے۔اسی دوران پاکستانی فوج کے دو جوان آئے اور انہوں نے مجھے پکڑا اور وہاں سے بچایا، پھر مجھے وہ اپنے یونٹ میں لے کر گئے جہاں مجھے طبی امداد دی گئی اور ہسپتال لے جایا گیا ۔
کشمیریوں سے متعلق ابھی نندن نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے یہ مجھے پتا ہے اور نہ ہی آپ کو،ہمیں سکون سے سوچنا چاہیے۔

واضح رہے کہ پاک فضائیہ نے 27 فروری 2019 کو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا اور ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا تھا، جسے بعد ازاں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا گیا،27 فروری 2019 تاریخ کا وہ دن ہے جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو یہ بتایا تھا کہ مملکت خداداد کے دفاع کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔