اسلام آباد ایئرپورٹ کو بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور

May 26, 2025 | 21:17:PM
 اسلام آباد ایئرپورٹ کو بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد منظور
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عیسیٰ ترین) بلوچستان اسمبلی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو سابق وزیراعظم شہید  بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔

 قرارداد رکنِ صوبائی اسمبلی علی مدد جتک نے پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر کے  بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ  رکھا جائےاسمبلی میں اس قرارداد کو ایوان کی اکثریت نے سراہا اور منظور کر لیا۔

 دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں سانحہ خضدار کے خلاف بھی ایک مذمتی قرارداد پیش کی گئی  جو رکنِ اسمبلی رحمت صالح بلوچ کی جانب سے پیش کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ 21 مئی 2025 کو آرمی پبلک اسکول خضدار کے طلباء کو لے جانے والی بس پر جو خودکش حملہ ہوا، وہ افسوسناک، بزدلانہ، انسانیت سوز اور سفاکانہ تھا۔ اس حملے میں 8 معصوم طلباء سمیت کئی بے گناہ شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ 
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ یہ واقعہ نہ صرف ظلم و بربریت کی انتہا ہے بلکہ یہ پاکستان کی نئی نسل،مستقبل کے معماروں اور تعلیم و امن کے چراغوں کو بجھانے کی گھناونی کوشش ہے،یہ حملہ پاکستان کے امن، قومی سالمیت اور تعلیمی نظام کے دشمن عناصر کی ایک مذموم سازش ہے۔ 
ایوان نے سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: لالو پرساد نے بیٹے کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا