لاہور قلندرز کی شاندار فتح پر قومی قیادت کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز کی شاندار فتح پر ملک بھر سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، قومی اسمبلی کے اسپیکر، وزرائے اعلیٰ، آئی جی پنجاب اور دیگر اہم شخصیات نے لاہور قلندرز کو جیت کی خوشی پر دلی مبارکباد دی ہے اور پی ایس ایل 10 کے پرامن انعقاد کو پاکستان کے روشن تشخص کی علامت قرار دیا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10 جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی فتح ٹیم ورک اور محنت کا نتیجہ ہے، ان کا کہنا تھا کہ فائنل میں شائقین کو اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملی جبکہ تمام ٹیموں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،انہوں نے چیئرمین پی سی بی اور انتظامیہ کو بہترین انتظامات پر خراج تحسین پیش کیا اور سیکیورٹی اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت پاکستان پر عالمی اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور قلندرز کو فائنل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا پرامن انعقاد پاکستان کی کامیابی ہے، انہوں نے لاہور اور کوئٹہ کی ٹیموں کو مشکل حالات میں فائنل کھیلنے پر سراہا اور کہا کہ کھلاڑیوں نے عزم و حوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے۔
مریم نواز نے انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور پی سی بی کو شاندار ایونٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے کہا کہ کرکٹ پاکستانیوں کا جنون ہے اور گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہونا خوش آئند ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی لاہور قلندرز کو جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا اور شائقین کو سنسنی خیز میچ دیکھنے کا موقع ملا، انہوں نے لاہور کی جیت کو پی ایس ایل کی مقبولیت اور کامیابی کا ثبوت قرار دیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور قلندرز کو جیت پر مبارکباد دی اور پنجاب پولیس سمیت تمام سیکیورٹی اداروں کی شاندار خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن، پیرو، ایلیٹ فورس اور سیف سٹیز اتھارٹی نے مل کر ایونٹ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا۔
انہوں نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز راولپنڈی و ملتان سمیت تمام افسران و اہلکاروں کو شاباش دی اور عوام و میڈیا کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل،کون کتنی بار جیتا؟تفصیل جانیے