پنجاب اور خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارش، کراچی میں بھی بادل برسیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ مون سون کا پہلا سپیل شروع ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
پنجاب میں لاہور، سرگودھا، بھلوال سمیت مختلف شہروں میں کہیں بونداپانی، کہیں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی خصوصی ہدایات پر واساا لرٹ ہے۔
پختونخوا میں کرک شہر اور مضافات میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ بلوچستان کے وسط مشرقی علاقوں میں پری مون سون سیزن کا آغاز ہوگیا۔
کوہ سلیمان رینج سمیت وسطی اور مشرقی بلوچستان میں بھی بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے گرمی کے ستائے شہر قائد کے باسیوں کیلئے بلآخر تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
میٹرولوجسٹ انجم نذیر نے کہا کہ کراچی میں مون سون کے پہلے اسپیل کا آغاز کل شام سے ہوسکتا ہے، مون سون سسٹم کے زیر اثر کراچی میں جمعہ سے اتوار کے دوران بارش کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ہفتے کے روز پور ا دن بارش جاری رہ سکتی ہے جو وقفے وقفےسے تیز ہوگی۔
انجم نذیر کا کہنا تھا کہ ہفتےکو تیزبارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ شہر میں اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی گجرات میں ہواکاکم دباؤ موجود ہے، ہواکاکم دباؤ آئندہ دنوں سندھ میں بارش کا باعث بنے گا، بارش کی وجہ سے سندھ کے بیشترشہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔