پاکستان نے بھارت کے 7 طیارے تباہ کئے:ٹرمپ ،چین کو بھی دھمکی دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر چھیڑتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھارت کے 7 طیارے تباہ کیے، میں نے اس جنگ کو روکا۔ غزہ کی صورت حال پر بھی سوالات کا جواب دیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک بار پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر کیا اور ساتھ ہی غزہ کی تازہ صورتحال سے متعلق سوالات کا جواب بھی دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان نے جنگ کے دوران بھارت کے 7 طیارے تباہ کیے اور یہ خدشہ پیدا ہوگیا تھا کہ کہیں جوہری تصادم شروع نہ ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نازک وقت پر میں نے مداخلت کی اور دونوں ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ لڑائی جاری رکھتے ہیں تو امریکا ان سے تجارتی تعلقات قائم نہیں رکھے گا۔ ٹرمپ کے مطابق اسی سخت مؤقف کے نتیجے میں جنگ کو روکا گیا۔
#WATCH | Washington DC | "... I have stopped all of these wars. A big one would have been India and Pakistan...", says US President Donald Trump.
— ANI (@ANI) August 25, 2025
He also says, "The war with India and Pakistan was the next level that was going to be a nuclear war... They already shot down 7 jets… pic.twitter.com/9O0tcYsmwk
صدر ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا کہ اب تک انہوں نے دنیا کے مختلف خطوں میں سات بڑی جنگیں ختم کروائیں جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔
غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے باعث 5 صحافیوں کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہاکہ انہیں اس واقعے کے بارے میں تفصیلات معلوم نہیں، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ غزہ میں لڑائی بند کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس صورتحال پر مطمئن نہیں ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایسے دل خراش مناظر دوبارہ نہ دیکھنے کو ملیں۔ صدر ٹرمپ نے زور دیا کہ خطہ امن کی طرف بڑھنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے بھی اپنی پالیسیوں کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ فوجی کارروائیوں میں امریکا نے کامیابی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا اور یہ اقدامات ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنے میں مؤثر ثابت ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:دہلی میں میٹرو ٹرین کا کرایہ 8 سال بعد بڑھا دیا گیا، کم از کم کرایہ 11 روپے مقرر
علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقناطیس فراہم نہ کرنےکی صورت میں چین پر 200 فیصد ٹیرف عائد کرنےکی دھمکی دیدی۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیرف کی طاقت ہے اور اگر ہم 100 یا 200 فیصد ٹیرف لگا دیں تو چین سے کوئی کاروبار نہیں ہوگا، اگر ایسا کرنا پڑا تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ اس طرح کے بھاری محصولات سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات ختم ہونےکے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ مقناطیس کے معاملے پر امریکا کے پاس بھی طاقت ہے اور چین کے پاس بھی، تاہم امریکا کے پاس ایسے آپشنز ہیں جسے استعمال کرنے سے چین تباہ ہو جائے گا۔
ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔
یاد رہے کہ دنیا کی 90 فیصد میگنیٹ مارکیٹ چین کے پاس ہے جو سیمی کنڈکٹر چپس سمیت جدید ٹیکنالوجی اور اسمارٹ فونز جیسی مصنوعات میں اہم حیثیت رکھتی ہے۔
اپریل میں چین نے جوابی اقدام کے طور پر متعدد نایاب معدنیات اور میگنیٹس کو اپنی برآمدی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا تھا۔