انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے ہاتھوں 7 سال بعد ون ڈے میچ میں شکست 

Sep 25, 2026 | 14:08:PM
انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کے ہاتھوں 7 سال بعد ون ڈے میچ میں شکست 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک)سری لنکا نے انگلینڈ کو دوسرے ون ڈے میں 16 رنز سے شکست دے کر سیریز کو فیصلہ کن مرحلے میں داخل کردیا۔

ہیڈنگلے میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔

کپتان کوشال مینڈس نے شاندار سنچری اسکور کی اور 100 گیندوں پر 121 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کامندو مینڈس نے 54، پون رتنائیکے نے 48 اور جینتھ لیاناگے نے 32 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنس اور ریحان احمد نے 2، 2 جبکہ جوفرا آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی!
 جواب میں انگلینڈ نے بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن کی 143 رنز کی اوپننگ شراکت کے ذریعے مضبوط آغاز کیا۔

بعد ازاں جوز بٹلر نے 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تاہم ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے باعث انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔

 ان کے جانے کے بعد سری لنکا نے میچ پر گرفت مضبوط کرلی۔

دونیتھ ویلالاگے نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آخری اوورز میں سری لنکن بولرز نے عمدگی سے دفاع کرتے ہوئے انگلینڈ کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز تک محدود کردیا۔

یہ سری لنکا کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی سرزمین پر 7 سال بعد پہلی فتح ہے۔ سری لنکن ٹیم نے آخری میچ بھی اسی میدان میں جیتا تھا۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ سری لنکا کی رواں دورہ انگلینڈ میں بھی پہلی فتح ہے۔ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد پہلے ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا فیصلہ کن میچ اتوار کو دی اوول میں کھیلا جائے گا۔