وزیر اعظم کا ٹیکس چوروں کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ

Mar 25, 2024 | 20:01:PM
وزیر اعظم کا ٹیکس چوروں کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹیکس نادہندگان و ٹیکس چوروں کیخلاف ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور ذمہ داران کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی کے قیام کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر اعظم کی جانب سے بنائی گئی انکوائری کمیٹی آئندہ 7دن میں ٹریک ایند ٹریس سسٹم کے مکمل فعال ہونے کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی،کمیٹی کارخانوں میں ٹیکس کے خودکار نظام کے اطلاق کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز بھی دے گی،شہباز شریف نے سوال کیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال کیوں نہ ہو سکا؟ تمباکو، چینی، سیمنٹ اور کھاد کی صنعت میں گزشتہ 2 برس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو مکمل بحال ہو جانا چاہیے تھا،ان چار بڑے شعبوں کے علاوہ باقی اہم شعبوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگایا جائے. 

 وزیر اعظم کا مزید کہنا تھاکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں حائل تمام قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جائے،سیمنٹ کے کارخانوں کی تمام پروڈکشن لائنز پر سسٹم کا نفاذ یقینی بنایا جائے،وزیرِ اعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے خودکار نظام اور ڈیجیٹل اسٹریجی کے نفاذ کا جامع لائحہ عمل بھی طلب کر لیا،ایسے تمام کارخانے جو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگانے سے انکاری ہوں انہیں فوری طور پر سیل کیا جائے،محصولات کے ساتھ ساتھ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو جعلسازی اور غیر معیاری مصنوعات کی روک تھام کیلئے بھی بروئے کار لایا جائے،وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جعلی و غیر رجسٹرڈ سگریٹ کی فروخت کا سد باب اور انہیں ضبط کرکے تلف کیا جائے. 

 شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے اور مافیہ ملی بھگت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا رہے ہیں،ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ اداروں کی خدمات لی جائیں،وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کو چینی، سیمنٹ، کھاد اور تمباکو کے شعبے میں خودکار ٹیکس نظام کی موجودہ صورتحال اور اسکو مکمل طور پر فعال کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ تمباکو کے 14 بڑے کارخانوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال ہے جبکہ 12 کارخانوں کو سسٹم نہ لگانے کی وجہ سے سیل کر دیا گیا ہے.

کھاد کی تمام صنعتوں میں بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مکمل طور پر فعال ہے، مزید یہ کہ چینی اور سیمنٹ کے کارخانوں میں سسٹم کے اطلاق میں تکنیکی رکاوٹوں کا سامنا ہے جنکو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں سمگلنگ کی روک تھام کیلئے گوداموں پر چھاپہ مارا جارہا ہے، وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس ضمن میں ایف بی آر کی معاونت کریں ،اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.

یہ بھی پڑھیں : مریم نواز اور نواز شریف دھاتی ڈور سے جاں بحق نوجوان کے گھرپہنچ گئے