محمد آصف کی بابر پر تنقید، کپتان کے والد کا ردعمل آ گیا

Sep 24, 2023 | 20:20:PM
محمد آصف کی بابر پر تنقید، کپتان کے والد کا ردعمل آ گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے محمد آصف کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ وقت کبھی نہیں آئے گا،اگر وقت آ بھی گیا تو بابر احترام کی وجہ سے ہر صورت آپ کا اوور میڈن کھیل جائےگا‘‘۔

سابق فاسٹ بولر اور کرکٹر محمد آ صف کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر کی جانے والی تنقید کے بعد والد اعظم صدیقی نے کہاہے کہ یہ وقت کبھی نہیں آئے گا۔ سوشل میڈیا پر سابق فاسٹ بولر محمد آصف کے وائرل ہونے والے بیان کے بعد بابر اعظم کے والد نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں درج تھا کہ بابر جب انڈر 16 کا ورلڈ کپ کھیل کر آیا ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ کے ساتھ ایک کلب ’سکول آف کرکٹ‘ ہوا کرتا تھا،  اس کلب کے ساتھ بابر کے کلب کا میچ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: محمد آصف کی بابراعظم پر تنقید ،بڑا چیلنج دیدیا

بابراعظم کے والد نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ کلب میچ میں دوسری طرف سے اس وقت محمد آصف کم بیک کی تیاریاں کر رہے تھے، وہ یہ میچ کھیلے بابر اوپن کرتا تھا محمد آصف نے اٹیک کیا بابر نے اس میچ میں 84 کیا اور آصف نے ہی اسے آؤٹ کیا، خیر اننگ ختم ہوئی بابر بڑا دل برداشتہ باہر آیا میرے استفسار پر بتایا کہ آصف بھائی نے بہت بُرا بھلا کہا میں نے اس کو تسلی دی کہا تم نے بھی تو ان کو 11 چوکے مارے ہیں، خیر بات یہاں ختم ہوئی۔

اعظم صدیقی نے بتایا کہ محترم منصور رانا نے بابر کو  زرعی زیڈ ٹی بی ایل (ZTBL) کی طرف سے کھیلنے میں مدد کی، نیشنل اکیڈمی میں بابر کا ٹرائل ہورہا تھا محمد آصف آئے تو ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا تھا، اس وقت بابر نے پیڈ کیے ہوئے تھے، دیکھ کر کہا اوئے چھوٹو کدھر ؟ بابر نے بتایا آصف بھائی بینک کے ٹرائل ہیں، اسی وقت وہ بینک انتظامیہ کے پاس گئے اور بڑے سخت لہجے میں کہا اس کا کیا ٹرائل لے رہے ہو، اس نے مجھے مارمار تھکا دیا تھا ، 11 چوکے مارے ہیں، لکھو اس کا نام اور بینک میں رکھو، یہ تمھارے بڑے کام آئے گا۔

کپتان کے والد نے بتایا کہ بابر کو 16 ہزار 800 روپے جو پہلی سیلری ملی اس نے بابر کو آگے بڑھنے میں مدد کی، اؤل تو یہ وقت کبھی نہیں آئے گا اگر آ بھی گیا تو بابر احترام کی وجہ سے ہر صورت آپ کا اوور میڈن کھیل جائے گا، آپ کی بر وقت گواہی ہمارے بڑے کام آئی۔

یہ بھی پڑھیں: محمد آصف نے مڈل آڈر بلے باز اور پیس اٹیک سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا

اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عوام سے درخواست ہے کہ محمد آصف کے بارے میں بابر کے حوالہ سے کوئی الٹی سیدھی بات نہ کریں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان میں محمد آصف نے کہا کہ میں نے بابر اعظم کو صرف 2 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ٹرائلز میں منتخب کیا تھا، آپ ان کے والد ( اعظم صدیقی) سے پوچھ سکتے ہیں کہ میں نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل ٹرائلز میں منتخب کیا تھا، بابر ملک کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تاہم وہ ڈاٹ بولز بہت زیادہ کھیلتے ہیں اور رضوان پر پریشر بڑھاتے ہیں، میں آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کو میڈن اوور کروا سکتا ہوں،  اگر آپ بابر کو اچھی گیندیں کروائیں تو وہ ہٹ نہیں کر سکتا۔