بے شمار فوائد کا حامل قدرتی جوس ’’ انناس کا شربت‘‘
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)انناس کا شربت نہ صرف مزیدار مشروب ہے بلکہ صحت کے لحاظ سے بھی بےحد فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک ایسا قدرتی جوس ہے جو نہ صرف ذائقے میں خوشگوار ہے بلکہ جسم کے کئی نظاموں کو فعال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
انناس میں موجود برومیلین (Bromelain) نامی قدرتی انزائم پروٹین کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق یہی عنصر کھانے کے بعد پیٹ کی بھاری پن، گیس اور بدہضمی جیسے مسائل کو کم کرتا ہے۔
برومیلین جسم میں سوزش کم کرنے میں بھی مؤثر کردار ادا کرتا ہے، خاص طور پر جب بات معدے یا آنتوں کی سوزش کی ہو۔
انناس میں موجود قدرتی فائبر نظامِ ہاضمہ کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ آنتوں کی حرکت کو بہتر بناتا ہے اور قبض سے بچاتا ہے۔
اگر آپ کھانے کے بعد تازہ انناس کا رس یا شربت پئیں تو متلی اور پیٹ کے بھاری پن میں نمایاں کمی محسوس ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ انناس وٹامن سی سے بھرپور ہے، جو جسم کی قوتِ مدافعت بڑھانے اور فری ریڈیکلز سے بچاؤ کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔
باقاعدہ استعمال سے جسم میں توانائی بڑھتی ہے اور نزلہ زکام جیسے موسمی امراض سے بھی تحفظ ملتا ہے۔
طبی ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ معدے میں تیزابیت کے شکار افراد کو انناس کے شربت کا زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس کی تیزابیت ہاضمے کے مسائل بڑھا سکتی ہے۔
اسی طرح شوگر کے مریضوں کو بھی اس کا استعمال محدود رکھنا چاہیے کیونکہ انناس میں قدرتی مٹھاس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
قدرت نے انناس کو نہ صرف ذائقے بلکہ شفا کے لیے بھی خاص بنایا ہے بلکہ اعتدال کے ساتھ اس کا استعمال جسم کو تندرست، ہاضمے کو متوازن اور مدافعتی نظام کو مضبوط رکھتا ہے۔