سیمنٹ کی فروخت میں اچانک کمی، اعداد و شمار جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان)اگست 2026میں سیمنٹ کی فروخت میں معمولی کمی،سیمنٹ کی فروخت 0.70 فیصد کمی سے 40.39 لاکھ ٹن رہی۔سیمنٹ کی مقامی فروخت 1.07 فیصد کم ہوکر 32.83 لاکھ ٹن رہی ۔
ملک میں اگست 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم ماہرین نے کم شرح سود اور تعمیراتی شعبے کے لیے بجٹ مراعات کے باعث رواں مالی سال کے دوران سیمنٹ کی طلب میں نمایاں اضافے کی پیشگوئی کردی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق اگست 2026 میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 0.70 فیصد کمی کے بعد 40 لاکھ 39 ہزار ٹن رہی، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ مجموعی فروخت تقریباً 40 لاکھ 67 ہزار ٹن تھی۔
یہ بھی پڑھیں:شہریوں کا سخت ردعمل!ہائی ویز پر کیمرے بند کردیئےگئے
رپورٹ کے مطابق اگست میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 1.07 فیصد کمی سے 32 لاکھ 83 ہزار ٹن رہی، جو اگست 2025 میں 33 لاکھ 18 ہزار ٹن تھی۔
دوسری جانب سیمنٹ کی برآمدات میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اگست 2026 میں برآمدات ایک فیصد بڑھ کر 7 لاکھ 56 ہزار ٹن ہوگئیں۔
رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 85 لاکھ 21 ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔ اس عرصے میں مقامی سیمنٹ کی فروخت میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم برآمدات 16.69 فیصد کمی کے بعد 14 لاکھ 64 ہزار ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں 17 لاکھ 57 ہزار ٹن تھیں۔
رپورٹ کے مطابق اگست میں سیمنٹ انڈسٹری کی مجموعی استعداد کے استعمال کی شرح 58 فیصد رہی۔ شمالی خطے میں کیپیسٹی یوٹیلائزیشن 48 فیصد جبکہ جنوبی خطے میں یہ شرح 92 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
اگست کے دوران 50 کلو سیمنٹ کی اوسط قیمت 1,557 روپے فی بوری رہی، جو سالانہ بنیاد پر تقریباً 6 فیصد زیادہ ہے۔
شمالی خطے میں سیمنٹ کی اوسط قیمت 1,564 روپے فی بوری رہی، جبکہ جنوبی خطے میں اوسط قیمت 12 فیصد اضافے کے بعد 1,545 روپے فی بوری ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق مالی سال 2027 میں معاشی سرگرمیوں میں ممکنہ بہتری سے سیمنٹ کی طلب کو تقویت مل سکتی ہے۔ کم شرح سود اور تعمیراتی شعبے کے لیے بجٹ میں دی گئی مراعات بھی سیمنٹ کی کھپت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
ماہرین نے مالی سال 2027 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 7 سے 8 فیصد اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔