امریکا :فلوریڈاہائی ویز پر لائسنس پلیٹ ریڈر کیمروں کے خلاف بڑا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )امریکا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گاڑیوں کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی کے خلاف بڑھتے عوامی اور سیاسی ردعمل کے درمیان ریاست فلوریڈا نے اپنی ہائی ویز پر لائسنس پلیٹ ریڈر کیمروں کی تنصیب پر پابندی عائد کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ ریاست کے دائرہ اختیار میں ہائی ویز پر موجود ایسے کیمروں کے سابقہ اجازت نامے منسوخ کیے جائیں گے جبکہ نئے کیمروں کے لیے اجازت نامے بھی جاری نہیں کیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا کی مختلف ریاستوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گاڑیوں کو ٹریک کرنے والی ٹیکنالوجی کے استعمال پر پرائیویسی اور نگرانی سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔
فلوریڈا کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق سڑکوں پر ایسے کیمروں کی تنصیب میں حالیہ عرصے کے دوران غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جبکہ ان کے ممکنہ غلط استعمال، ڈیٹا کی پرائیویسی اور نگرانی کے نظام سے متعلق رپورٹس فوری کارروائی کا تقاضا کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمت؟ خریداروں کیلئے بڑی خبر آگئی
فلوریڈا کے ریپبلکن گورنر رون ڈی سینٹس نے بھی گزشتہ ہفتے خودکار لائسنس پلیٹ ریڈرز کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا استعمال “قابو سے باہر” ہوگیا ہے۔
ادھر ٹیکساس کے ریپبلکن گورنر گریگ ایبٹ نے بھی گزشتہ ہفتے ریاستی اداروں کو Flock کیمروں کے لیے فنڈنگ روکنے کی ہدایت کی تھی۔
Flock Safety کے کیمروں کا نیٹ ورک امریکا کی تقریباً 49 ریاستوں میں پھیلا ہوا ہے، جہاں تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار AI سے چلنے والے کیمرے سڑکوں اور ہائی ویز پر گاڑیوں کی لائسنس پلیٹیں پڑھنے اور ان کی نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھنے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم کی تحقیقات اور مجرموں کی شناخت میں مدد ملتی ہے۔ تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کے غلط استعمال سے شہریوں کی پرائیویسی متاثر ہوسکتی ہے۔
Flock Safety نے فلوریڈا کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کمپنی پابندی عائد کرنے کے بجائے ایسی قانون سازی کی حمایت کرتی ہے جس میں پرائیویسی، شفافیت اور احتساب کے مضبوط اصول شامل ہوں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مؤثر ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اختیار بھی برقرار رہے۔
لائسنس پلیٹ ریڈر کیمروں کا معاملہ رواں سال امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے دوران بھی سیاسی بحث کا اہم موضوع بن گیا ہے، جہاں امیدوار اپنے سیاسی مخالفین کو اس ٹیکنالوجی سے جوڑ کر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
رائٹرز/ایپسوس کے ایک حالیہ سروے کے مطابق امریکی عوام اس ٹیکنالوجی کے استعمال پر منقسم ہیں۔ 38 فیصد امریکیوں نے اپنی کمیونٹی میں Flock کیمروں کے استعمال کی حمایت کی جبکہ 47 فیصد نے مخالفت کی۔
سروے میں ریپبلکن ووٹرز میں حمایت نسبتاً زیادہ رہی، جبکہ ڈیموکریٹس میں اسی تناسب سے مخالفت دیکھنے میں آئی۔