وزیر اعظم شہباز شریف سےسعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف عزت مآب جنرل فیاض بن حامد الرویلی نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے ساتھ ساتھ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے جنرل الرویلی کا خیرمقدم کیا اور برادر مملکت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا ، جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط ہوئے، وزیراعظم نے مشترکہ تربیت، مشقوں اور مہارت کے تبادلے سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاءپسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔
جنرل الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مملکت کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دونوں اطراف کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی بنگلہ دیش کو ایک لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کی تیاری شروع ، ٹینڈر جاری