بنگلہ دیش میں خسرہ کی وبا شدت اختیار کر گئی،500 سے زائد بچے جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش میں خسرہ کی وبا تیزی سے شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، جہاں گزشتہ 69 روز کے دوران 500 سے زائد بچوں کی اموات رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں صحتِ عامہ کی صورتحال تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین صحت نے حکومت پر بروقت اقدامات نہ کرنے اور ویکسینیشن نظام میں کمزوریوں کا الزام عائد کیا ہے۔
بنگلہ دیش کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے مطابق مارچ کے وسط سے اب تک 62 ہزار 500 سے زائد بچوں میں خسرہ یا اس جیسی علامات ظاہر ہو چکی ہیں جبکہ تقریباً 50 ہزار بچوں کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 بچوں کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران شہروں اور دیہی علاقوں کے درمیان بڑے پیمانے پر سفر وائرس کے مزید پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔
ماہر صحت ڈاکٹر بے نظیر احمد نے صورتحال کو ’قومی ایمرجنسی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ 10 سے 13 بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں، مگر بحران کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔
Suspected and confirmed measles deaths top 500 in Bangladesh
— The Kathmandu Post (@kathmandupost) May 24, 2026
Cases have spread rapidly in recent months, overwhelming hospitals and placing severe strain on already fragile healthcare services.https://t.co/9dSnGdtoh3
انہوں نے مطالبہ کیا کہ خسرہ کو باضابطہ وبا قرار دے کر ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ عالمی امداد اور اضافی فنڈز حاصل کیے جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں دہشتگردتنظیمیں سرگرم،پاکستانی مؤقف کی ایک بارپھرعالمی سطح پرتائید
ڈاکٹروں کے مطابق معمول کی ویکسینیشن میں کمی، ایم آر مہم کی معطلی، غذائی قلت، اسپتال پہنچنے میں تاخیر اور غریب علاقوں میں طبی سہولیات کی کمی اموات کی بڑی وجوہات ہیں، پانچ سال سے کم عمر بچے، خاص طور پر غذائی قلت کے شکار، نمونیا، سانس کی تکلیف، اسہال اور دماغی سوزش جیسی پیچیدگیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
ڈھاکا ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 20 ہزار سے زائد بچوں کا علاج کیا گیا جبکہ 214 اموات رپورٹ ہوئیں،راج شاہی، چٹاگانگ، سلہٹ اور بریسال ڈویژنز میں بھی بڑی تعداد میں ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی ویکسینیشن مہم کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں اور بعض متاثرہ علاقوں میں کیسز میں کمی دیکھی گئی ہے۔ حکومت کے مطابق 1 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم 20 مئی تک 1 کروڑ 84 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:لداخ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، مسلسل حادثات بھارتی ایوی ایشن پر سنگین سوالات اٹھنے لگے
وزیر صحت سردار محمد سخاوت حسین نے اعلان کیا ہے کہ عید کے دوران خسرہ کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی تاکہ طبی خدمات بلا تعطل جاری رکھی جا سکیں۔