اہم ایشیائی ممالک کیلئے پاکستانی برآمدات میں بڑی کمی

Mar 24, 2023 | 16:40:PM
اہم ایشیائی ممالک کیلئے پاکستانی برآمدات میں بڑی کمی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) ایشیا کے اہم اور بڑے ممالک کیلئے پاکستانی برآمدات 18 فیصد کم ہوئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چین کو شپمنٹس میں کمی کے باعث ایشیا کے 9 ممالک کیلئے پاکستانی برآمدات مالی سال 2023 کے پہلے 8 مہینے میں 18 اعشاریہ 28 فیصد کم ہو گئیں ہیں۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال 2023 کے دوران برآمدات کے ساتھ ساتھ درآمدات میں بھی کمی آئی ہے۔ حکومت کی کفایت شعاری کے باعث خاص طور پر چین سے درآمدات میں واضح کمی ہوئی۔ حکومت کی جانب سے صارفین کو اشیا کیلئے لیٹر آف کریڈٹ نہ دینے کی وجہ سے درآمدی کنٹینرز کی کلیئرنس کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ 

پاکستان کی برآمدات افغانستان، چین، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت، ایران، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کیلئے کم ہو کر 2 ارب 41 کروڑ ہو گئی ہیں جو کہ جولائی 2022 سے فروری 2023 تک پاکستان کی کل برآمدات 18 اعشاریہ 1 ارب ڈالر کا صرف 12 اعشاریہ 92 فیصد ہے۔ 

مزید پڑھیں: چین نے پاکستان کا دو ارب ڈالرز کا قرضہ موخر کردیا

خطے میں پاکستان سب سے زیادہ برآمدات چین کو کرتا ہے، اس دوڑ میں پاکستان نے زیادہ آبادی والے بھارت اور بنگلہ دیش کو پیچھے چھوڑا ہے۔ چین کیلئے پاکستانی برآمدات میں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیادوں پر تنزلی دیکھی گئی ، پاکستان کل برآمدات کا 55 اعشاریہ 77 فیصد چین کو بھیجتا ہے جبکہ باقی برآمدات دیگر 8 ممالک کو کرتا ہے۔ 

رواں مالی سال میں جولائی سے فروری تک پاکستان نے چین کیلئے برآمدات 27 اعشاریہ 53 فیصد کم ہو کر ایک ارب 33 کروڑ ڈالر ہو گئیں ہیں جو کہ پچھلے سال اسی عرصہ میں ایک ارب 84 کروڑ ڈالر تھیں۔ جبکہ رواں مالی سال میں جولائی سے فروری تک سالانہ بنیادوں پر چین سے برآمدات 37 اعشاریہ 39 فیصد کم ہو کر 7 ارب 6 کروڑ اور 60 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ 

افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات رواں مالی سال جولائی سے فروری کے دوران 17 فیصد اضافے کے بعد 34 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہو گئیں جو کہ گزشتہ مالی سال میں اس عرصے کے دوران 29 کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھیں، چند سال پہلے تک پاکستان کیلئے امریکا کے بعد افغانستان دوسرا بڑا برآمدی ملک تھا۔

واضح رہے کہ اس اعدادوشمار میں زمینی راستے کے ذریعے ہونے والے برآمدات شامل نہیں ہیں۔ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد  حکومت کی جانب سے روپے میں درآمدات کی اجازت ملنے کے بعد افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات میں اگست 2021 میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی اور روپے میں ہونے والی درآمدات بھی اس اعدادوشمار میں شامل نہیں ہیں۔