فرانس کی مشہور سیاحتی مقامات ایفل ٹاور اور لوور میوزیم بند، وجہ کیا بنی؟ جانئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)فرانس نے یورپ میں جاری شدید گرمی کی لہر کے دوران اپنی تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا، جس کے باعث ملک کی مشہور سیاحتی مقامات ایفل ٹاور اور لوور میوزیم کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
فرانس میں دن اور رات کا اوسط درجہ حرارت 29.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو جولائی 2019 کے سابقہ ریکارڈ 29.4 ڈگری سے زیادہ ہے، پیرس میں منگل کے روز درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔
شدید گرمی کے باعث ایفل ٹاور انتظامیہ نے اعلان کیا کہ یادگار کو غیر معمولی طور پر شام 4 بجے بند کر دیا جائے گا جبکہ اس وقت کے بعد آنے والے تمام زائرین کو ٹکٹوں کی رقم واپس کر دی جائے گی، اسی طرح لوور میوزیم نے بھی بدھ سے ہفتہ تک روزانہ 2 گھنٹے پہلے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فرانس کے وزیرِ اعظم سیباستیان لیکورنو نے بتایا کہ 18 جون سے اب تک ملک بھر میں ڈوبنے کے واقعات میں 40 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں،انہوں نے اس صورتحال کو "ایک المناک آفت" قرار دیا۔
ملک کے 58 محکموں میں جہاں تقریباً 4 کروڑ 40 لاکھ افراد رہتے ہیں، بدھ کے روز سرخ انتباہ (ریڈ الرٹ) نافذ کیا جا رہا ہے جبکہ مزید 31 علاقوں میں انتباہ جاری رہے گا۔
شدید گرمی کے باعث تقریباً 1,800 سکول مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں جبکہ 8,000 دیگر سکولوں کے اوقات کار محدود کر دیے گئے ہیں،ریلوے حکام نے بھی غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
جنوب مغربی فرانس میں واقع گولفیش جوہری بجلی گھر کا ایک ری ایکٹر بھی بند کرنا پڑا کیونکہ قریبی دریائے گارون کا پانی جو ری ایکٹر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، محفوظ حد 28 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ گرم ہو گیا تھا۔
دوسری جانب سپین، اٹلی، جرمنی، بیلجیم، لکسمبرگ اور سوئٹزرلینڈ بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں،سپین کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ الرٹ جاری ہے جبکہ اٹلی کے 15 شہروں میں ریڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جرمنی میں بھی ہفتے کے اختتام پر تیراکی کے دوران حادثات میں 5افراد ہلاک ہو گئے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق شمالی افریقہ سے آنے والی انتہائی گرم ہوا مغربی یورپ پر چھائی ہوئی ہے جس نے پورے خطے میں درجہ حرارت کو غیر معمولی سطح تک پہنچا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راولا کوٹ والوں کو کشمیری نہ ماننا کشمیریوں کی توہین ہے، راجہ پرویز اشرف