حکومت نے پی ٹی آئی کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے سکیورٹی واپس لے لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نے پی ٹی آئی کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے سکیورٹی واپس لے لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی واٹس ایپ گروپ میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ رات کو گیارہ بجے وزیرِ اعلیٰ کے ڈپٹی سی ایس او نے میرے سکیورٹی اہلکاروں کو کال کی اور کہا کہ سی ایس او کا حکم ہے کہ آپ سب کلوز ہوجائیں۔
علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ میرے پاس صوبائی حکومت کی ایک جیمر گاری تھی اور ایک ڈبل کیبن گاڑی تھی اور اس گاڑی کے ساتھ 14 اہلکار بھی تھے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان اہلکاروں نے مجھ سے کہا تو میں نے کہا بس کلوز ہوجائیں، یہ اس معاملے کی اصل حقیقت ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: فتنۃ الخوارج کا زخمی ایف سی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینس پر حملہ، آگ لگا کر زندہ جلا دیا
علی امین گنڈاپور کے مطابق اگر اب مجھے یہ سکیورٹی واپس دی بھی گئی تو واپس نہیں لوں گا اور وزیراعلیٰ کو بتانا چاہتا ہوں اب اس سکیورٹی کو مجھے واپس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پریس سیکرٹری نے ایک بیان میں سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سےسکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید کی ہے۔ لیکن اس تردید کے باوجود علی امین گنڈاپور سے جیمر گاڑی اور سکیورٹی واپس لئے جانے کی خبر مسلسل وائرل ہو رہی ہے۔