پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

Aug 24, 2025 | 12:20:PM
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 6 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)برادر اسلامی ممالک پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

وزیر خارجہ اسحق ڈار اور بنگلہ دیشی مشیر خارجہ امور کی نگرانی میں سفارتکاروں اور حکومتی اہلکاروں کیلئے ویزے سے متعلق معاہدے، دونوں ملکوں کی فارن سروس اکیڈمیوں اورایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔

علاوہ ازیں انسٹیٹیوٹ اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیشی انسٹیٹیوٹ انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹجک سٹڈیز اور پاکستان بنگلہ دیش ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

قبل ازیں دوں ممالک کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات اور اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی و تجارتی تعاون اور علاقائی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات کے دوران اعلیٰ سطح و عوامی سطح پر روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی بنیادوں پر تعاون کے امور زیر بحث آئے اور سارک کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا بحران کے حل پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین نے اسحق ڈار کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔

 دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پوسٹ کے مطابق ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جن میں اعلیٰ سطح کے دورے، تجارتی و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم اور استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی ہمدردی سے متعلق امور شامل تھے۔

قبل ازیں  نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر تجارت شیخ بشیر الدین سے ناشتہ پر ملاقات کی تھی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔

دونوں جانب سے اقتصادی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر گفتگو ہوئی، تجارت میں اضافے اور رابطہ کاری کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ڈھاکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر کی جانب اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے ملاقات کی جن میں بنگلہ دیشی حکومت کے مشیران ، بیوروکریٹس، سیاسی جماعتوں کی قیادت، وائس چانسلرز، دانشور اور تھنک ٹینکس کے ارکان، کھلاڑی، فنکار، صحافی، ریٹائرڈ جرنیل اور دیگر شامل تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی عوام کو بنگلہ دیشی عوام کے ساتھ برادرانہ جذبات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ روایات، اسلامی ورثے، سماجی اقدار اور ادبی اظہار پر استوار ہیں، انہوں نے بنگلہ دیش کے عوام کے لیے ہم آہنگی اور خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ ایک تعمیری اور مستقبل کی طرف دیکھنے والے تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے گزشتہ روز نور خان ایئربیس سے ڈھاکا روانہ ہوئے تھے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے، کیونکہ کسی پاکستانی وزیرِ خارجہ نے تقریباً 13 برس بعد بنگلہ دیش کا دورہ کیا ہے۔

آخری بار پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے نومبر 2012 میں 6 گھنٹے کا مختصر دورہ کیا تھا، تاکہ اس وقت کی وزیرِاعظم شیخ حسینہ کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی جا سکے۔