TDAP کے زیراہتمام جیمزاینڈجیولری فیشن شومیں ماڈلز کے ریمپ پر جلوے

ہیلتھ،انجینئرنگ ومنرلز شو میں70 سے زائد ممالک کے خریداروں اور درآمد کنندگان کی شرکت

Apr 23, 2025 | 12:40:PM
TDAP کے زیراہتمام جیمزاینڈجیولری فیشن شومیں ماڈلز کے ریمپ پر جلوے
کیپشن: ایچ ایس وائی ماڈلز کے ساتھ ریمپ پر واک کرتے ہوئے
سورس: سوشل میڈیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان  کے زیراہتمام ہیلتھ،انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 میں ماڈلز نے جیولری اورملبوسات کی نمائش کرتے ہوئے ریمپ پر جلوے بکھیرے۔ 

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری پنجاب چودھری شافع حسین تھے جبکہ چیف ایگزیکٹو TDAP فیض احمد، سیکریٹری TDAP شہریار تاج، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ابوذر شاد اور ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر زین افتخار چودھری بھی موجود تھے۔

فیشن شو میں  ماڈلز نے دیدہ زیب ملبوسات زیب تن کرتے ہوئے جواہرات اور زیورات  کو نئے  انداز میں پیش کیا،ماڈلز نے  معروف جیولرز  کے ڈیزائنز پہن کرریمپ پر واک کی،معروف فیشن ڈیزائنرایچ ایس وائے، منیب نواز،زونیہ انوار،نیلوفر اور دیگر ڈیزائنرز نے اپنی کاریگری کو مہارت سے پیش کیا جس پر دیکھنے والے داد دینے پر مجبور ہو گئے۔ 

فیشن شو نے نہ صرف مقامی ڈیزائنرز اور کاریگروں کو عالمی منڈیوں کے ساتھ براہ راست تعلقات استوار کرنے کا ایک موقع فراہم کیابلکہ بہت سے لوگوں کے لیے اس پلیٹ فارم نے طویل المدتی برآمدی شراکت داری اور سرحد پار تعاون کا بھی  آغاز کیا۔

ہیلتھ، انجینئرنگ ومنرلز شو میں70 سے زائد ممالک کے 900 سے زائد غیر ملکی خریداروں اور درآمد کنندگان نے شرکت  کی جن میں چین، نائجیریا، سینیگال، ایتھوپیا، روانڈا، سری لنکا، قازقستان، کینیا، ترکیہ، تاجکستان، ملائیشیا، برطانیہ، سپین، انڈونیشیا، نیدرلینڈز، کوریا، فلپائن، روس اور ویتنام جیسے ممالک شامل ہیں۔

نمائش میں 20 سے زائد شعبوں کی مصنوعات پیش کی گئی ہیں جن میں دواسازی، سرجیکل آلات، زرعی مشینری، تعمیراتی آلات، آٹو پارٹس، کھیلوں کا سامان، موبائل ڈیوائسز، کیمیکلز، برقی آلات، کاسمیٹکس، کٹلری، ہینڈی کرافٹس،قیمتی پتھراور زیورات شامل ہیں۔

تقریب کے بعد TDAP کے حکام نے سری لنکا، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کے تجارتی وفود سے ملاقاتیں کیں اور دو طرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،TDAP نے شرکت کرنے والے ممالک کے ریگولیٹری اداروں، تجارتی تنظیموں اور چیمبرز کو بھی مدعو کیا تاکہ مؤثر نمائندگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ’’دو بچھڑی بہنیں‘‘ماہرہ خان کی سنیتا مارشل سے مشابہت، رشتہ کیا ہے؟

علاوہ ازیں تیسرے دن کے دوران غیر ملکی مندوبین کے لیے صنعتی دورے بھی رکھے گئے تھے تاکہ وہ پاکستان کی صنعتی صلاحیتوں کا مشاہدہ کر سکیں،نمائش میں مقامی انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے "اسٹارٹ اپ" کے عنوان سے اپنے تحقیقی منصوبے پیش کیے ہیں،اس طرح ہیلتھ، انجینئرنگ اور منرلز شو 2025 کے ذریعے نہ صرف پاکستان کی صنعتی قابلیت کو عالمی سطح پر متعارف کرایاگیاہے بلکہ تجارتی شراکت داری، تحقیق ،ترقی اور معاشی تعاون کے نئے دروازے بھی کھلے ہیں ۔