او آئی سی کانفرنس : مریم اورنگزیب نے 7 اہم تجاویز پیش کردیں

Oct 22, 2022 | 14:01:PM
24 نیوز,او آئی سی وزراءاطلاعات کانفرنس, میڈیا، کمیونیکیشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)او آئی سی وزراءاطلاعات کانفرنس کا 12 واں اجلاس استنبول میں شروع ہوگیا،وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب او آئی سی وزرائے اطلاعات کانفرنس کے 12 ویں اجلاس کے میں شرکت کیلئے پہنچ گئیں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اوآئی سی وزراطلاعات کے بارھویں اجلاس میں اسلاموفوبیا، فیک نیوز اور دیگر مسائل سے نمٹنے کے لئے 7 اہم تجاویز پیش کردیں ،خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی سیاسی ومعاشی وزن ڈالنے سے دنیا بھر میں مسلمان اقلیت کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکتا ہے ،اس ضمن میں ہماری تجویز ہے کہ معلومات اور اطلاعات پر اجارہ داری اور نوآبادتی طرز کا مقابلہ کیاجائے ،غیرجانبدارانہ اور آزادانہ اطلاعات کی فراہمی اور ترسیل کا نظام قائم کیاجائے ،اطلاعات پر دانستہ کنٹرول کے ذرائع سے اسلام اور مسلمانوں کے تشخص کے بارے میں خاص سوچ پھیلائی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بہت سارے مسلمان ممالک میں آزاد میڈیا کام کررہا ہے جس نے عوام کے ذہنوں میں جگہ بنالی ہے ،مسلمان ممالک میں اطلاعات کے بہاﺅ کو یکجا کرنے اورہم آہنگی لانے کی ضرورت ہے،اسلام اور مسلمان معاشرے کے بارے میں مسلمان ممالک کے اندر پھیلائے جانے والے غلط تصورات سے نمٹنے کی بھی ضرورت ہے ،جمہوریت کے مزید فروغ، عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت، اجتماعیت میں اضافے اور اظہار رائے کی آزادی پر توجہ مرکوز کی جائے ۔


حساس مگر عالمی سطح پر نمایاں ہونے والے یہ موضوعات ہمار ہداف ہونا چاہئے جنہیں مسلمانوں اور مسلمان ممالک کے خلاف غلط اور گمراہ کن نیت سے استعمال کیاجاتا ہے ،ہمیں فیک نیوز کا سچی خبروں کے ذریعے مقابلہ کرنا ہوگا،جدید ٹیکنالوجی سے سوشل میڈیا پر رجحان بنانے والے طریقوں کا مقابلہ کرنے کی حکمت عملی بنانا ہوگی ۔


ہمیں عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کی راہ ہموار کرنا ہوگی، روبوٹس سے عوامی رائے پر اثراندا ہونے کے ہتھکنڈوں سے نمٹنا ہوگا ،ٹرولز کی جگہ حقیقی رائے شماری اور آگہی کے طریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی ،ایسے قوانین کی ضرورت ہے جس کے تحت نفرت پھیلانے اور دھوکہ دہی کرنے والوںکی نشاندہی ہو اور انہیں سزا مل سکے،ان اقدامات کے ساتھ ساتھ بنیادی آزادیوں کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا ،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کا عالمی دن منانے کی قرارداد کی منظوری بڑا قدم ہے ،ہمیں اس قرارداد سے پیدا ہونے والی تحریک کی رفتار اور دائرے میں وسعت لانے کے لئے کام کرنا ہوگا ۔


انہوں نے کہا ہے کہ ہم ’او۔آئی۔سی‘ کے سیکریٹری جنرل سے درخواست کرتے ہیں کہ اسلاموفوبیا کے لئے خصوصی نمائندے کا تقرر کریں ،اسلاموفوبیا کے لئے نمائندہ خصوصی کے تقرر کا فیصلہ اسلام آباد میں ’او۔آئی۔سی‘ وزرا خارجہ کونسل کے اجلاس میں منظور کردہ قرار دادمیں ہوا تھا ،’او۔آئی۔سی‘ کی قیادت میں ماہرین کا پینل تشکیل دیا جائے جو اسلامو فوبیا کے واقعات سے نمٹنے کے لئے تنظیم کو تجاویز دے ،اس پینل کے ذریعے اسلامو فوبیا کا نشانہ بننے والوں کی حمایت کی جائے۔

کانفرنس میں 57 ممالک کے وزراءاطلاعات اور اعلیٰ سطحی نمائندے شریک ہیں،کانفرنس کے شرکاءمسلم دنیا میں میڈیا، کمیونیکیشن اور اطلاعات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کریں گے

کانفرنس کا موضوع ”سچ کے دور کے بعد غلط معلومات اور اسلامو فوبیا سے نمٹنا“ ہے۔کانفرنس میں اطلاعات کے مختلف شعبوں میں او آئی سی کے کردار پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔او آئی سی کی وزراءاطلاعات کانفرنس میں فلسطین اور القدس شریف سمیت افریقی او آئی سی رکن ممالک کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں :پی ٹی آئی رہنماؤں پر دہشتگردی کا مقدمہ

کانفرنس میں اسلامو فوبیا سے نمٹنے میں او آئی سی کے کردار، اسلام کی درست تصویر پیش کرنے اور میڈیا کے حلقوں میں انتہاءپسندی و دہشت گردی سے بچنے کے حوالے سے امور پر غور کیا جائے گا۔