خضدارحملے میں بھارتی کردار ثابت کریں گے: وزیر دفاع
بی ایل اے اور ٹی ٹی پی بھارت کے ایجنٹ ،دعوے ٹھوس شواہد کیساتھ ثابت کریں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرگرم دو بڑے دہشت گرد گروہ بھارت کے ایجنٹ ہیں اور خضدار میں سکول بس پر حملے میں نئی دہلی کے ملوث ہونے کے مکمل ثبوت پیش کریں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) بھارت کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی ہے،ہم بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت پیش کریں گے، ہم اپنے دعوؤں کو ٹھوس شواہد کے ساتھ ثابت کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ بی ایل اے اور بھارت کے درمیان تعلقات سب پر عیاں ہیں، کیونکہ ان کی قیادت نئی دہلی میں موجود ہے، ہم پر جو الزامات لگائے گئے وہ بے بنیاد تھے، لیکن بی ایل اے ایک بھارتی ایجنٹ کی طرح لڑ رہی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بی ایل اے اور ٹی ٹی پی بھارت کے ایجنٹ ہیں،ان کا مذہب اور قوم سے کوئی تعلق ہیں، بھارت ان کی مالی معاونت کر رہا ہے اور یہ یہاں خونریزی میں ملوث ہیں،پاکستان پوری قوت سے حملہ کرے گا اور کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی،عام افراد خاص طور پر سکول کے بچوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، جسے بھارت نے قبول نہیں کیا، دنیا کو آگاہ کیا جانا چاہیے کہ نریندر مودی کی حکومت ایک جھوٹے واقعے کو ایٹمی جنگ کی بنیاد بنانے کے لیے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رہی ہے، پاکستان ایٹمی تصادم کا آغاز نہیں کرے گا، لیکن اگر ہمارے خلاف ایٹمی ہتھیار استعمال کیے گئے تو ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا، اس کے باوجود بھارت نے رات کی تاریکی میں ہمارے اڈوں پر حملہ کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خضدار میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پر زیرو پوائنٹ کے قریب ایک بم حملے میں سکول بس کو نشانہ بنایا گیا تھا جو خضدار چھاؤنی میں واقع آرمی پبلک سکول میں طلبہ کو چھوڑنے جا رہی تھی، واقعے میں 4 طالبات سمیت 6 افراد شہید جبکہ 38 افراد زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے بیج لگانے کی تقریب آج ہوگی
حکام کے مطابق کم از کم ایک درجن زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ زخمیوں میں 15 طالبات بھی شامل ہیں،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز کوئٹہ میں زخمیوں کی عیادت کی، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے حملے کے ذمہ داران کو بےرحمی سے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا۔