آبنائے ہرمز بند کرنے کی صورت میں ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا: ٹرمپ کی وارننگ

Jun 22, 2026 | 09:34:AM
آبنائے ہرمز بند کرنے کی صورت میں ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑےگا: ٹرمپ کی وارننگ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کے معاملے پر سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس اہم سمندری گزرگاہ کو بند کیا گیا تو امریکا انتہائی سخت ردعمل دے گا۔

امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاکہ انہوں نے ایرانی قیادت کو براہِ راست پیغام پہنچا دیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے نتائج ایران کے لیے نہایت سنگین ہوں گے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے یہ راستہ بند کیا تو اسے اپنے ملک کے لیے خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹول یا ٹیکس لگانے پر بھی غور کر سکتا ہے۔

ٹرمپ نے خبردار کیاکہ ضرورت پڑنے پر امریکا آبنائے ہرمز کا کنٹرول بھی سنبھال سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف سے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر کی ملاقات، امریکا ایران مذاکرات میں کردار کو سراہا

امریکی میڈیا کے مطابق جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے یورینیم افزودگی کے حق سے متعلق بیان پر ٹرمپ سے ردعمل لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت کو اپنے بیانات میں احتیاط کرنی چاہیے، ورنہ امریکا مزید سخت اقدامات کر سکتا ہے۔

 علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' پرشدید تنقید کی ہے ان کا کہناہے اخبار کی رپورٹ میں ایران کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیوں کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک ٹائمز کو بدعنوان اور ناکام قرار دیتے ہوئے اخبار کی اس سرخی کو مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ4ماہ کی جنگ کے بعد کچھ خاص نہیں بدلا۔

امریکی صدر نے مؤقف اختیارکیا کہ جنگ میں ایران کی فوج، بحریہ اور فضائیہ مکمل طور پر تباہ ہو چکی ، ان کے میزائل اور ڈرون لانچ کرنے والے اڈے اور فیکٹریاں بھی اب ختم ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:قطر کے راس لفان گیس کمپلیکس میں دھماکا،54 افراد زخمی،18لاپتہ

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ایران کی اعلیٰ قیادت کے دو اہم ترین دھڑے مارے جا چکے ہیں، وہاں معیشت برباد ہو چکی ہے، مہنگائی 250 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور فوجیوں کو تنخواہیں تک نہیں مل رہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ جنگ کے باوجود آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلا ہے اور تیل کی سپلائی جاری ہے، خود امریکا کے اندر نوکریاں اور اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں، انہوں نے مخالفین کو بزدل اور بدعنوان قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے دوران یہ سب کچھ بدل چکا ہے اور ابھی مزید تبدیلیاں آنا باقی ہیں۔