شہباز شریف سے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر کی ملاقات، امریکا ایران مذاکرات میں کردار کو سراہا

Jun 22, 2026 | 09:19:AM
 شہباز شریف سے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر کی ملاقات، امریکا ایران مذاکرات میں کردار کو سراہا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے سوئٹزرلینڈ کے نائب صدر اور وزیر خارجہ مسٹر اِگنازیو کاسِس نے برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سوئس وزیر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچنے والے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے مؤثر ثالثی کردار کو سراہا اور اس عمل کے آئندہ مراحل میں تعاون اور معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:قطر کے صنعتی مرکز میں ہولناک حادثہ، صورتحال کشیدہ

انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔

دونوں فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔